صحت

بڈھ بیر میں علاقہ مکینوں کا پولیو مہم سے بائیکاٹ

 

شاہد خان

پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر میں بلدیاتی نمائندوں اور علاقہ مکینوں نے پولیو ورکرز کو مہم سے روک دیا۔ تین 3ویلیج کونسلز کے نمائندوں اور مکینوں نے گڑھی ملی خیل کی بی ایچ یو کا گھیراو کرلیا۔ بلدیاتی نمائندوں مکینوں کے مطابق گزشتہ 3روز سے علاقے کی بجلی بند کی گئی ہے۔ گھروں اور مساجد میں پانی ناپید ہوگیا ہے۔ بجلی بحالی تک انسداد پولیو مہم نہیں چلنے دینگے۔

انسداد پولیو مہم کے چوتھے روز بڈھ بیر کی یونین کونسل سلیمان خیل میں واقع بنیادی مرکز صحت گڑھی ملی خیل سے جب پولیو کی ٹیمیں نکلنے کے لئے تیار تھی تو اس وقت بی ایچ یو کے تین ویلیج کونسلز شہاب خیل، سلیمان خیل اور گڑھی ملی خیل کے بلدیاتی نمائندوں اور مکینوں انہیں سنٹر سے نکلنے سے روک دیا۔ اور واضح کیا کہ ان ویلیج کونسلوں میں مہم کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ویلیج کونسل شہاب خیل کے چیئرمین جعفر نے ٹی این این کو بتایا کہ پورے یونین کونسل کی گزشہ تین دن سے بجلی مکمل طور پر بند کی گئی ہے۔ گھروں اور مساجد میں پانی ناپید ہوگیا ہے۔ بچے ساری رات مچھروں کے کاٹنے کی وجہ سے روتے رہتے ہیں۔ حکومت اگر ہمارے بچوں کے مستقبل کے لئے واقع ہی فکرمند ہے تو پہلے بچوں کو جینے دیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ جب تک بجلی بحال نہیں ہوتی مہم کا بائیکاٹ جاری رہے گا۔

اس حوالے سے پشاور کی ضلع انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رواں مہم کے دوران بجلی سے متعلق کافی شکایات سامنے آرہی ہیں۔ ہر روز کوئی نہ کوئی بنیادی مسائل کے باعث انسداد پولیو مہم کا بائیکاٹ کیا جاتا ہے لیکن انتظامیہ متاثرہ لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر اس کا حل نکال لیتی ہے۔ یونین کونسل سلیمان خیل کے عمائدین اور بلدیاتی نمائندوں سے مذاکرات جاری ہیں جلد ہی انہیں امادہ کرلیا جائے گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button