صحت

خیبر پختونخوا میں قومی انسداد پولیو مہم کے لیے تمام تیاریاں مکمل

خیبر پختونخوا میں کل سے شروع ہونے والی قومی انسداد پولیو مہم کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

دو مرحلوں پر مشتمل پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران صوبہ بھر کے 74 لاکھ 78 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبر پختونخوا کے مطابق کل سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے پہلے مرحلے میں پشاور، کوہاٹ، مردان، مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں پانچ سال سے کم عمر کے 63 لاکھ 62 ہزار 8 سو 95 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

9 سے 13 اکتوبر تک جاری رہنے والی مہم کے دوسرے مرحلے میں بنوں اور ڈیر اسماعیل خان ڈویژن کے پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں 11 لاکھ 16 ہزار 81 ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے مطابق مہم کے دوران صوبے میں واقع تمام افغان مہاجر کیمپوں میں مقیم پانچ سال تک کے تمام بچوں کو بھی پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس مرتبہ مہم کے دوران بچوں کی قوت مدافعت بڑھانے کیلئے وٹامن اے کی خوراک بھی دی جائے گی۔

انسداد پولیو کی اس مہم کے لیے تربیت یافتہ پولیو ورکرز کی 34 ہزار 551  ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ جن میں 31 ہزار 151 موبائل ٹیمیں، ایک ہزار 953 فکسڈ ٹیمیں اور ایک ہزار 447 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل میں۔ اس کے علاوہ ان ٹیموں کی مؤثر نگرانی کے لیے 7 ہزار 77 ایریا انچارج بھی تعینات کئے گئے ہیں۔

مہم کے دوران پولیو ٹیموں کی مؤثر سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے صوبہ بھر میں تقریبا 54 ہزار سے زائد پولیس اہلکار اپنے ڈیوٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ پولیو ٹیموں کو دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ کی بھی بھرپور معاونت حاصل ہو گی۔

ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبر پختونخوا نے صوبہ بھر کے عوام سے اپنے بچوں کو بروقت پولیو کے قطرے پلانے اور پولیو کے ٹیموں کیساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button