صحت

خیبر پختونخوا میں ڈینگی پھیلنے کا خدشہ، محکمہ صحت نے ٹیمیں تشکیل دے دی

خیبر پختونخوا میں ڈینگی وائرس کے روک تھام کے لیے محکمہ صحت نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے صوبے بھر میں ڈینگی کی ممکنہ روک تھام کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی۔

مشیر صحت ڈاکٹر ریاض انور کے مطابق صوبے میں ڈینگی وائرس کے حوالے سے پشاور اور مردان میں زیادہ تر کیسز رپورٹ ہورہے ہیں جس کی ممکنہ روک تھام کے لیے ضم اضلاع سمیت صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں ڈینگی صورتحال کو مانیٹر کیا جارہا ہے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر ریاض انور کا کہنا تھا کہ پشاور میں ڈینگی کے 22، مردان میں 13، صوابی میں 9، چترال لوئر میں 7، باجوڑ میں 6، کوہاٹ میں 4، نوشہرہ میں 3، ڈیرہ اسماعیل خان میں 2، خیبر میں 2، ایبٹ آباد میں 2، دیر لوئر میں 2، بٹ گرام میں 1، تورغر میں 1، مانسہرہ میں 1، لکی مروت میں 1، بنوں میں 1 اور ہنگو میں ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں ہر ضلع میں ڈینگی لاروا کی روک تھام کے لیے اقدامات کر رہی ہیں جبکہ صوبے کے تمام اضلاع سے جو رپورٹ آرہے ہیں اس کے مطابق ہر گھر میں مریض کے علاج کی تمام سہولیات بشمول طبی عملہ ادوایات فراہم کی جارہی ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں آئی آر ایس ڈینگی سپرے بھی شروع کئے گئے ہیں جبکہ ڈینگی سے متاثرہ افراد کو گھر پر تمام طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button