صحت

خیبر پختونخوا میں کورونا سے جاں بحق ہونے والے طبی عملے کو تمغہ امتیاز دینے کا فیصلہ

آفتاب مہمند

خیبر پختونخوا کی نگران حکومت نے کورونا وباء کے دوران جاں بحق ہونے والے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو تمغہ امتیاز ( بعد از مرگ) دینے کا فیصلہ کر لیا۔ اس سلسلے میں نگران صوبائی حکومت نے محکمہ صحت خیبر پختونخوا سے صوبے میں کرونا وباء کے دوران زندگی کی بازی ہارنے والے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکلز کی تفصیلات طلب کر لی ہے، کرونا وباء سے فوت ہونے والے تمام افراد کو تمغہ امتیاز (بعد از مرگ) 23 مارچ 2024 کو دیئے جائیں گے۔

خیبر پختونخوا میں ڈاکٹروں کی صوبائی تنظیم پراوینشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق کرونا وباء کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع کے ہسپتالوں و دیگر مراکز صحت میں دوران ڈیوٹی کل 109 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

پراوینشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق کورونا وباء کے دوران جاں بحق ہونے والے ڈاکٹرز کی تعداد 70 تھی جن میں 8 خواتین ڈاکٹرز بھی شامل ہیں۔ اسی طرح 17 پیرا میڈیکس ملازمین، جن میں ایک خاتون ملازمہ بھی شامل تھیں، کرونا وباء کے دوران اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے وفات پا گئے تھے۔

صوبے کے مختلف اضلاع میں 7 نرسز بھی دوران ڈیوٹی جاں بحق ہو گئیں تھیں. اسی طرح درجہ چہارم کے 15 ملازمین کورونا وباء کے دوران اپنے فرائض انجام دیتے وقت جان کی بازی ہار گئے تھے۔

رابطہ کرنے پر پراوینشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے نائب صدر ڈاکٹر راحیل نے ٹی این این کو بتایا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ محکمہ صحت سے وابستہ سٹاف کو بھی تمغہ امتیاز جیسے اعزازات سے نوازنا ایک بہت بڑا اقدام ہے حالانکہ صوبے میں پہلے بھی ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل سٹاف نے کافی قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے کے تمام ڈاکٹرز حکومتی اس اقدام کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے جبکہ 23 مارچ کو ابھی کئی ماہ رہتے ہیں لہذا کرونا وباء کے دوران صوبے میں وفات پانے والے تمام 109 ڈاکٹرز و دیگر سٹاف کے اہل خانہ کو شہدا پیکج بھی دیا جائے۔

ان کے بقول اس وقت خیبر پختونخوا کی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ کورونا وباء کے دوران تمام افراد کے لواحقین کو فی کس 70 لاکھ روپے کا شہید پیکج دیا جائے گا تاہم بہت کم خاندانوں کو مذکورہ پیکج دیا گیا ہے، اسی طرح دوران ڈیوٹی جاں بحق ہونے والے 109 افراد کو بلا تفریق تمغہ امتیاز سے نوازنا چاہئے۔

ادھر پراوینشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر ڈاکٹر امیر تاج روغانی کہتے ہیں کہ مذکورہ اقدام کی بدولت نہ صرف ڈاکٹروں کو بلکہ پیرامیڈیکل و دیگر سٹاف کو مستقبل کیلئے مزید خدمات انجام دینے کا ایک نیا حوصلہ ملے گا جبکہ شہداء کے لواحقین و بچوں میں بھی ایک جذبہ پیدا ہوگا اور وہ بھی اسی ملک و قوم کا حقیقی معنوں میں خدمت کا سلسلہ مزید بڑھائیں گے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button