بنوں سے پولیو کا ایک اور کیس رپورٹ
خالدہ نیاز
خیبرپختونخوا سے رواں سال کا دوسرا پولیو کا کیس سامنے آگیا۔ محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے مطابق بنوں کے رہائشی 3 سالہ بچے میں پولیو ٹائپ ون وائرس کی تصدیق ہوگئی۔
محکمہ صحت کے مطابق بچے کے والدین پولیو کے قطرے پلانے سے انکاری ہیں۔ بچے کو اب تک صرف دو مرتبہ مہم کے دوران انسداد پولیو کے قطرے پلائے گئے ہیں۔
بچے کے بازوں میں 11جولائی کو کمزوری کی نشاندہی ہوئی تھی۔ اس کیس سے ملک میں رواں برس پولیو سے متاثر ہونے والے بچوں کی تعداد 2 تک پہنچ گئی ہے۔ پولیو کا پہلا کیس بھی بنوں سے رپورٹ ہوا تھا۔ وزارت صحت کے مطابق مارچ میں ضلع بنوں کی یونین کونسل بکا خیل کے رہائشی تین سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
اینڈ پولیو پاکستان کے مطابق گزشتہ برس 2022 میں پاکستان میں 20 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے تھے جو سب کے سب پختونخوا سے رپورٹ ہوئے۔ سنہ 2021 میں صرف ایک پولیو کیس بلوچستان سے رپورٹ ہوا تھا۔
سنہ 2020 میں ملک بھر سے 84 پولیو کیسز جبکہ 2019 میں 147 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے جو کہ پولیو کیسز کی بلند ترین شرح تھی۔ اس وقت ملک بھر میں پولیو کیسز کی سب سے زیادہ شرح خیبر پختونخوا میں ہے۔
یاد رہے جولائی میں پشاور میں پولیو وائرس ٹائپ ون کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ یہ وائرس افغانستان کے علاقے اسد آباد وائرس سے مماثلت رکھتا ہے۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے مطابق پولیو وائرس پشاور کے علاقے نرے خوڑ کے ماحولیاتی نمونے میں پایا گیا تھا۔