خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں 15 مئی سے پولیو مہم چلانے کا فیصلہ
انسداد پولیو کے لیے صوبائی سطح پر قائم ایمرجنسی آپریشنز سنٹر (ای او سی) نے 15 مئی سے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
مہم کے پہلے مرحلے میں صوبے میں مجموعی طور پر 5 سال سے کم عمر کے 35 لاکھ 35 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
اس بات کا فیصلہ صوبائی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس کی صدارت ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ/ای او سی کے کوارڈنیٹر محمد آصف رحیم نے کی جس میں صوبائی محکمہ صحت، اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں یونیسف اور ڈبلیو ایچ او سمیت دیگر معاون اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اس مہم کے دوران صوبہ کے بارہ اضلاع بشمول نوشہرہ، پشاور، سوات، باجوڑ، ہنگو، کرک، خیبر، کوہاٹ، کرم، مہمند، اورکزئی اور چارسدہ میں پانچ سال تک کی عمر کے 33 لاکھ 53 جبکہ ضلع بونیر، لوئر چترال، لوئر دیر، ہری پور، مانسہرہ، مالاکنڈ، مردان اور صوابی میں واقع افغان مہاجر کیمپوں اور پاک افغان سرحد پر واقع مختلف اضلاع بشمول اپر چترال، لوئر چترال، اپر دیر اور لوئر دیر کے مخصوص سرحدی یونین کونسلوں میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 82 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ / ای او سی کوارڈ نیٹر محمد آصف رحیم نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود پولیو مہمات کا انعقاد بچوں کی صحت اور تحفظ کے لیے حکومت، ایمرجنسی آپریشنز سنٹر، معاون اداروں اور پولیو ورکرز کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، اس لئے معاشرے کے تمام طبقات بالخصوص والدین بچوں کو پولیو کے ہاتھوں معذوری سے بچانے اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے آگے آکر ان مہمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ پولیو مہم کی مکمل کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے موثر حکمت عملی بنائی گئی ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ حکومت پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے اور اس وائرس کی مکمل خاتمے کیلئے اپنی بھرپور جدو جہد کررہی ہے۔
انسداد پولیو کی اس مہم کے لیے تربیت یافتہ پولیو ورکرز کی 13,869 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 12,332 موبائل ٹیمیں، 857 فکسڈ، 633 ٹرانزٹ اور 47 رومنگ ٹیمیں شامل ہیں۔ ان ٹیموں کی موثر نگرانی کے لیے 3,318 ایریا انچارجز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیموں کی موثر سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے تقریبا 21,254 پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔
دوسری جانب 29 مئی سے شروع ہونے والے پولیو مہم کے دوسرے مرحلے میں بنوں اور ڈی آئی خان ڈویژن کے سات اضلاع، ان ٓضلع میں واقع افغان مہاجر کیمپوں اور پاک افغان سرحد پر واقع مخصوص یونین کونسلوں میں مجموعی طور پر 11 لاکھ 16 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے.