صحت

2023: بنوں میں رواں سال دنیا کا پہلا پولیو کیس سامنے آگیا

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں تین سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد رواں سال ملک میں پولیو کا پہلا کیس سامنے آیا ہے۔

وزارت صحت نے صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے بنوں سے اس سال کے پہلے پولیو کیس رپورٹ ہونے کی تصدیق کی ہے۔

وزارت صحت کے مطابق ضلع بنوں کی یونین کونسل باکا خیل کے رہائشی تین سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تشخیص ہے جبکہ گزشتہ سال بھی پاکستان سے رپورٹ ہونے والے تمام کیسز صوبہ خیبر پختونخوا سے تھے۔

ادھر قومی ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے کوارڈینٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ کا کہنا ہے کہ ہم اس بچے کے ماحول سے جڑے تمام عوامل کی جانچ کر رہے ہیں تاکہ یہ معلوم کر سکیں کہ یہ انفیکشن اسے کیسے اور کہاں سے لگا، اس جانچ سے ہمیں یہ پتہ لگ سکے گا کہ وہ علاقے یا لوگ کون ہیں جو ویکسین سے محروم رہ رہے ہیں اور یوں ہم وائرس کی منتقلی کو روکنے کے لیے اقدام لے سکیں گے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر صحت عبد القادر پٹیل کے مطابق یہ انتہائی افسوس ناک ہے کہ ایک تین سالہ بچے کو ایک ایسی بیماری کی وجہ سے زندگی بھر کی معذوری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ اس بیماری سے بچہ مکمل طور پر بچا جا سکتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ پولیو ٹیمیں ان علاقوں میں بچوں تک ویکسین لے کر پہنچنے میں سرگرم ہیں جہاں بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات باقاعدگی سے نہیں لگ رہے اور ان میں غذائیت کی کمی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں گذشتہ چھ ماہ میں پولیو کا یہ پہلا کیس ہے جبکہ پاکستان اور افغانستان دنیا کے دو واحد ممالک ہیں جہاں وائلڈ پولیو وائرس اب بھی پایا جاتا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button