صحت

پشاور: ایل آر ایچ کی نرسز کا احتجاج دوسرے ہفتے میں داخل

لیڈی ریڈنگ ہاسپٹل پشاور (ایل آر ایچ) کی نرسز کا احتجاج دوسرے ہفتے میں داخل ہو گیا، نرسز نے اپنے مطالبات کے سلسلے میں آج بھی (بدھ کے روز) ایل آر ایچ سے اسمبلی چوک تک دھرنا دیا، دھرنے اور ریلی کے باعث ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہو گیا۔

نرسز نے اس موقع پر شدید نعرہ بازی کی، نرسز کے احتجاج کے باعث پولیس کی بھاری نفری بھی ایل آر ایچ کے اردگرد تعینات کی گئی تھی جبکہ ایل آر ایچ کے سیکورٹی سٹاف نے بھی نرسز کو ہاسٹل سے باہر جانے سے روک دیا۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ معطل ہونے والی اٹھائیس نرسز کو فوری طور پر بحال کیا جائے، دس نرسز کو جو شوکاز نوٹسز جاری کئے گئے ہیں فوری طور پر واپس لئے جائیں، نرسز کے مطالبات کو فوری طور پر تسلیم کیا جائے، نرسز کے ساتھ ناانصافی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

نرسز کے جاری احتجاج کے باعث مریضوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

خیال رہے کہ ہسپتال کی انتظامیہ نے نرسز ایسوسی ایشن کی جانب سے دوبارہ ہڑتال کی کال کو بالکل ناجائز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہسپتال ڈائریکٹر کی سربراہی میں قائم کمیٹی، جس میں ڈی جی ہیلتھ اور اسسٹنٹ ڈیپٹی کمیشنر شامل ہیں، نے بڑی واضح شفارسات جمع کروائی ہیں۔

دو تین روز قبل اس حوالے سے ہسپتال کے ترجمان کی جانب سے ایک جاری بیان کے مطابق ہڑتالی نرسوں کو جوڈیشل سٹامپ پیپر پر بلاشرائط معافی نامے جمع کرنے کا کہا گہا تھا جو ابھی تک موصول نہیں ہوئے۔

ترجمان کے مطابق کمیٹی نے نرسوں کے تمام مطالبات کے حل کے لئے ایل ار ایچ کے فنانس کمیٹی کو سفارشات بھجوائی ہیں، ایل آر ایچ انتظامیہ ہاسٹل رہائش، آئی سی یو الاؤنس، صحت کارڈ الاؤنس اور ٹرمینیشن جیسے مطالبات کے اوپر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے، ایل آر ایچ انتظامیہ نے نرسوں کے مطالبات پورے کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے ہیں، ہڑتال کی کال سمجھ سے بالاتر ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button