امریکا میں پاکستانی ڈاکٹر کا میڈیکل سائنس کی دنیا میں کارنامہ، مریض کو خنزیر کا دل لگا دیا
امریکا میں پاکستان کے ڈاکٹر منصور محی الدین نے میڈیکل سائنس کی دنیا میں کارنامہ انجام دیتے ہوئے ایک دل کے مریض کے سینے میں خنزیر کا دل لگا دیا۔
یونیورسٹی آف میری لینڈ اسکول آف میڈیسن کے مطابق ایک مریض میں کامیابی سے جینیاتی طور پر تبدیل شدہ خنزیر کا دل لگایا گیا ہے۔
ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی کراچی سے گریجویشن کرنے والے ڈاکٹر منصور محی الدین نے اس ضمن میں بتایا کہ ابتدائی تجربات میں بندر کا دل لگایا جاتا تھا۔
انہوں نے بتایاکہ بندر کا دل پیوندکاری میں مفید ثابت نہ ہوا، جبکہ خنزیر پر تجربہ مفید رہا، بالٹی مور کے اسپتال میں 7 گھنٹے طویل آپریشن کے ذریعے 57 سالہ امریکی شہری ڈیوڈ بینیٹ کے سینے میں جینیاتی طور پر تبدیل کیا گیا خنزیر کا دل پیوند کیا گیا۔
آپریشن کے 3 دن بعد ڈیوڈ بینیٹ صحت کی طرف گامزن ہیں، یہ ٹرانسپلانٹ مسٹر بینیٹ کی زندگی بچانے کے لیے آخری امید سمجھا جاتا ہے تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ یہ آپریشن کتنے عرصے تک زندگی بچانے میں کامیاب رہے گا۔