جرائم

چترال کا نوجوان پشاور بھرتی ہونے آیا تھا رہزنوں کے ہتھے چڑھ گیا

پشاور کے علاقہ حیات آباد میں بھرتی ٹیسٹ کیلئے آنے والے چترال کے رہائشی کو گن پوائنٹ پر لوٹ لیا گیا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

محمود علی ولد نواب خان ساکن چترال نے رپورٹ درج کراتے ہوئے حیات آباد پولیس کو بتایا کہ وہ بھرتی ٹیسٹ کیلئے فیز 7 جارہا تھا کہ راستہ میں فیز 4 کے مقام پر موٹرسائیکل سوار 2 مسلح افراد نے اسے یرغمال بنا دیا اور اسلحہ کی نوک پر اس سے قیمتی موبائل فون اور 3 ہزار کی نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

پشاور: جعلی شناختی کارڈ پر ایف سی میں بھرتی ہونے والا جعلساز گرفتار

دوسری جانب جعلی شناختی کارڈ پر فرنٹیئر کور میں بھرتی ہونے والے اہلکار کو گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

صوبیدار میجر پیر محمد کے مطابق گزشتہ روز کاغذات کی جانچ پڑتال کے دوران معلوم ہوا کہ بلال ولد ثواب ساکن یکہ غنڈ نامی شخص ایف سی میں جعلی شناختی کارڈ پر بھرتی ہوا ہے جس پر اسے حراست میں لے کر تھانہ حیات آباد پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔

موٹروے بندش پر کار سوار شخص آپے سے باہر

ادھر پشاور موٹروے کو دھند کے باعث ٹریفک کیلئے بند کرنے پر کار سوار شہری آپے سے باہر ہو گیا اور پولیس سب انسپکٹر پر پستول تان کر قتل کی دھمکیاں دے ڈالیں، موقع پر موجود پولیس اہلکاروں نے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔

گزشتہ روز حکام کی ہدایت پر دھند کے باعث پشاور موٹروے کو ٹریفک کیلئے بند کیا گیا تھا تاہم ایک کار سوار شخص نے براستہ موٹروے اسلام آباد جانے کی ضد شروع کر دی اور ناکہ بندی پر تعینات پولیس اہلکاروں کے ساتھ الجھ گیا اور گاڑی سے 9 ایم ایم پستول نکال کر سب انسپکٹر جہانگیر خان پر تان لی اور اسے قتل کی دھمکیاں دینے لگا جس پر پولیس اہلکاروں نے ملزم محمد اسلام ولد فقیر گل ساکن نیو سٹی ہوم کو حراست میں لے کر اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button