پاکستان کی وزیراعظم بننا چاہتی ہوں۔ مہوش حیات
اداکارہ مہوش حیات نے پاکستان کی وزیراعظم بننے کی خواہش کا اظہار کر دیا، کہتی ہیں کہ جب ایک کرکٹر ملک کا وزیراعظم بن سکتا ہے تو ایک اداکارہ کیوں نہیں؟
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ’’ایک دن جیو کے ساتھ‘‘ میں پاکستانی سیاست اور خود سیاست میں آنے سے متعلق میزبان سہیل وڑائچ سے بات کرتے ہوئے پاکستان کی معروف اداکارہ مہوش حیات نے کہا مجھے سیاست میں بہت دلچسپی ہو گئی ہے۔ میزبان نے مہوش حیات سے سوال پوچھا کیا آپ سیاست میں آئیں گی جس پر مہوش نے جواب دیا انشاء اللہ۔ میزبان نے ایک اور سوال پوچھتے ہوئے کہا کیا آپ پارلیمانی سیاست کریں گی یا پارٹی سیاست؟
اس سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا میرا ارادہ ملک میں بہتری لانے کا ہے اب وہ پارلیمانی طریقے سے آتی ہے یا اپنی پارٹی بنانے سے آتی ہے یہ تو وقت بتائے گا۔ میزبان نے مہوش حیات سے مزید پوچھا کیا آپ عمران خان کی سیاست سے متاثر ہیں یا پھر اپوزیشن کی سیاست سے؟
مہوش حیات نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا میں پی ٹی آئی (پاکستان تحریک انصاف) کی سیاست سے اس لیے متاثر ہوں کیونکہ وہ نہ صرف کافی تبدیلی لائے ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ایک نئی سوچ کے ساتھ آئے ہیں۔
اداکارہ مہوش حیات نے وزیراعظم عمران خان کے بارے میں کہا عمران خان پہلے ایک کرکٹر تھے تو جب ایک کرکٹر وزیراعظم بن سکتا ہے تو ایک اداکارہ ملک کی وزیراعظم کیوں نہیں بن سکتی۔ مہوش حیات کی اس بات پر میزبان نے حیرانی سے پوچھا اچھا تو آپ عمران خان کو چیلنج کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
مہوش حیات نے مسکراتے ہوئے جواب دیا چیلنج نہیں لیکن ان کی جگہ کسی نے تو لینی ہے آگے جا کر تو میں بھی ایک امیدوار بن سکتی ہوں۔