صندل خٹک کے قتل کی افواہ، ٹِک ٹاک گرل نے تردید کردی
سوشل میڈیا پر معروف ٹِک ٹاک گرل صندل خٹک کے قتل کی افواہ گردش کر رہی ہے تاہم صندل خٹک نے اس کی تردید کی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر شائع ایک پوسٹ کے مطابق غیر مصدقہ ذرائع سے ٹِک ٹاک گرل کے قتل کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ پوسٹ پر صارفین کی جانب سے دیئے گئے کمنٹس میں کسی نے اسے گڈ نیوز قرار دیا تو کسی نے لکھا کہ ‘خس کم جہاں پاک۔’
دوسری جانب صندل خٹک نے اپنی ایک ٹویٹ میں اس افواہ کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ وہ زندہ اور بالکل خیر خیریت سے ہیں۔
انہوں نے اپنے فینز سے ان خبروں کو نظر انداز کرنے کی اپیل کی ہے جبکہ ساتھ میں یہ دعا بھی کی ہے کہ اس طرح کی غلط خبریں پھیلانے والے کو اللہ ہدایت دے۔
خیال رہے کہ صندل خٹک اور ان کی دوست اور مشہور ٹک ٹاک گرل حریم شاہ رواں برس اس وقت شہ سخیوں کی زینت بنی تھیں جب حریم شاہ کی وزیراعظم یا وزیر خارجہ کے دفتر کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی تھی۔
یہ بھی یاد رہے کہ امسال جنوری میں صندل خٹل نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ ایک اعلیٰ شخصیت کی جانب سے انہیں قتل کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔