تعلیمعوام کی آوازقبائلی اضلاع

فاٹا یونیورسٹی میں "صحافت اور ترقی: میڈیا کے سماجی اثرات” پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد

فاٹا یونیورسٹی کے شعبہ سیاسیات میں ایسوسی ایشن آف پولیٹیکل سائنٹسٹس کے تعاون سے "صحافت اور ترقی: میڈیا کے سماجی اثرات” کے موضوع پر ایک اہم سیمینار منعقد کیا گیا۔

سیمینار کے مہمان سپیکر، انہوئی نارمل یونیورسٹی، چائنا کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر انتخاب احمد تھے، جنہوں نے اپنے تجربات اور تحقیق کی روشنی میں میڈیا کے سیاسی، سماجی اور معاشرتی اثرات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

ویزیٹنگ لیکچرر محمد مروان نے سیمینار کی اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیمینار طلبہ کے تعلیمی کیلنڈر کا ایک اہم حصہ ہے، جس کا مقصد صحافت اور اس کے سماجی اثرات کو بہتر طریقے سے سمجھنا تھا۔

ڈاکٹر انتخاب احمد نے کہا کہ میڈیا نہ صرف اطلاعات کی ترسیل کا ذریعہ ہے، بلکہ یہ رائے عامہ کی تشکیل، سیاسی استحکام اور سماجی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی اور مقامی مثالوں کے ذریعے وضاحت کی کہ کس طرح میڈیا معاشرتی برتاؤ اور پالیسی سازی پر اثرانداز ہوتا ہے۔

سیمینار کے دوران طلبہ نے مختلف موضوعات پر سوالات کیے اور میڈیا کے مثبت اور منفی اثرات پر تبادلہ خیال کیا۔ خصوصاً قبائیلی علاقوں جیسے درہ آدم خیل اور فاٹا میں صحافت اور اس کی اہمیت پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ آزاد اور ذمہ دار صحافت امن کے قیام، انسانی حقوق، سماجی ترقی، سیاسی استحکام اور معاشی خوشحالی میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔

سیمینار میں میڈیا کے کردار، آزادی صحافت اور سوشل میڈیا کے اثرات جیسے اہم موضوعات پر بھی بحث کی گئی۔

اختتام پر شعبہ سیاسیات کے سربراہ ڈاکٹر واجد محمود نے ڈاکٹر انتخاب احمد کا شکریہ ادا کیا اور طلبہ کو اس سیمینار میں بھرپور شرکت پر سراہا۔ انہوں نے اس قسم کی تعلیمی سرگرمیوں کو طلبہ کی علمی و فکری نشوونما کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے آئندہ بھی ایسے سیمینارز کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔

یہ سیمینار طلبہ کے لیے ایک علمی اور فکری تجربہ ثابت ہوا، جہاں انہیں میڈیا کے سماجی، سیاسی اور ترقیاتی اثرات پر گہرائی سے سوچنے اور سیکھنے کا موقع ملا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button