تعلیمعوام کی آوازقبائلی اضلاع

باجوڑ، محکمہ تعلیم کے 319 عارضی اساتذہ (پی ٹی سی ہائیر ٹیچر) نوکریوں فارغ

محمد بلال یاسر

پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے 2022 میں قبائلی اضلاع کے سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی کو پوری کرنے کیلئے ایک پروجیکٹ حوالہ نمبر 195116 پی ٹی سی ہائر فنڈز یعنی پرویژن آف ٹیچر برائے پرائمری ،مڈل اور ہاٸی سکولز کی منظوری دی تھی۔

محکمہ تعلیم نے مستقل اساتذہ کی بھرتی کے طریقہ کار میں پیچیدگیاں ہونے پر عارضی اساتذہ کو بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس کا مقصد ریموٹ ایریاز میں پی ٹی سی کے ذریعے اساتذہ کی کمی کو پورا کیا جانا تھا، جو کہ ایک کامیاب تجربہ رہا۔ ان اساتذہ کو فکس تنخواہوں پر بھرتی کیا گیا۔ پرائمری سکول ٹیچر کی تنخواہ 20 ہزار، مڈل 25 ہزار اور ہائی سکول کے اساتذہ کی تنخواہ 30 ہزار روپے تھی۔ ان عارضی اساتذہ کو تنخواہیں پی ٹی سی فنڈز سے ادا کی جانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

دیگر قبائلی اضلاع کی طرح قبائلی اضلاع میں بھی یہ عارضی اساتذہ ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے تھے ، اس حوالے سے آل باجوڑ پی ٹی سی ہائیر ٹیچر کے صدر امتیاز خان نے بتایا کہ باجوڑ میں 319 میل اور فی میل اساتذہ اپنی خدمات گزشتہ کئی سالوں سے سر انجام دے رہے ہیں، اعلیٰ تعلیم یافتہ اور قابل نوجوان غربت کے باعث باجوڑ کے دور دراز علاقوں میں مکمل تندوہی کے ساتھ اپنی ڈیوٹیوں کی ادائیگی میں مصروف رہے۔ مگر گزشتہ 10 ماہ سے انہیں تنخواہیں ادا نہیں کی جا رہی ہے جس کے خلاف انہوں نے کئی ماہ سے احتجاج شروع کیا اور اب حکومت نے ہمیں مطمئن کرنے اور ہماری تنخواہوں کی ادائیگی کی بجائے ہمیں عارضی نوکریوں سے برخاست کرنے کا اعلان کیا ہے جو کہ نہایت افسوسناک ہے ۔

ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا موقف:

اس حوالے سے جب ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ارباب شیرین زادہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے ٹی این این کو بتایا کہ یہ اساتذہ محکمہ تعلیم باجوڑ میں بہترین انداز میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے تھے اور مستقل اساتذہ کی کمی کو دور کرنے میں ہمارے معاون تھے مگر ان کے پی سی ون میں چونکہ توسیع نہیں ہوئی اور باقی اضلاع نے جون 2024 میں انہیں فارغ کردیا ہے لیکن باجوڑ میں ان اساتذہ اور سکولوں کے طلبہ کے پر زور اصرار پر ہم نے مختلف ذرائع تک رسائی کی اور درخواست کی کہ ان کی مدت میں توسیع کی جائے کیونکہ باجوڑ میں مستقل اساتذہ کی بہت زیادہ کمی ہے ، مگر باوجود مزید کوششوں کے ان کی توسیع نہ ہوسکی اور بعد ازاں ڈائریکٹریٹ کے سخت ہدایات کے بعد ہم نے ان کو فارغ کرنے کا حکم نامہ تمام سکولوں کے نام جاری کردیا۔

پی ٹی سی ہائر ٹیچرز کے مطالبات کیا ہیں ؟

آل باجوڑ پی ٹی سی ہائیر ٹیچر کے صدر امتیاز خان نے بتایا کہ ہم حکومت سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ ہماری مدت میں توسیع کی جائے کیونکہ اس سے نہ صرف ہماری بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا بلکہ مستقل اساتذہ کی کمی اور کئی ایسے سکول جو کہ صرف پی ٹی سی ٹیچر کے بل بوتے پر چل رہے ہیں وہ بھی بند ہونے سے بچ جائیں گے۔ اسی طرح ہماری 10 ماہ کی بند تنخواہیں ریلیز کی جائے تاکہ ہم اپنے قرضوں کی ادائیگی کرسکے اور اپنے گھر کا چولہا جلا سکیں۔

باجوڑ کے محکمہ تعلیم میں پی ٹی سی ٹیچر کا کردار:

آل باجوڑ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری وہیب جان کا کہنا ہے کہ پی ٹی سی ٹیچرز کو بیک جنبش قلم فارغ کرنے کا فیصلہ نہایت احمقانہ ہے ، صوبائی حکومت اس فیصلے پر نظر ثانی کریں خاص کر قبائلی اضلاع جہاں تعلیمی اداروں ، سرکاری مستقل اساتذہ وغیرہ کی پہلے سے بہت زیادہ کمی ہے اور اس کمی کو پی ٹی سی کے ویل کوالیفائیڈ اساتذہ احسن طریقے سے دور کررہے تھے۔ ان کو فارغ کرنا کسی صورت اچھا فیصلہ نہیں ، ہمارے علاقے میں بہت سارے ایسے سکول ہیں کہ اگر ان پی ٹی سی اساتذہ کو فارغ کردیا جائے تو وہ اسکول بند ہوجائیں گے کیونکہ وہ سکول انہیں کے بل بوتے پر چل رہے تھے ۔ ہم جملہ اساتذہ کرام صوبائی حکومت سے اس فیصلے پر نظر ثانی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

Show More

Muhammad Bilal Yasir

محمد بلال یاسر پچھلے 8 سال سے قبائلی ضلع باجوڑ سے ٹی این این کیلئے ہفتہ وار کالم اور سٹوریز لکھتے ہیں۔ اس کے ساتھ وہ مختلف ملکی و بین الاقوامی ویب سائٹس کے لیے بھی لکھتے ہیں۔

متعلقہ پوسٹس

Back to top button