بنوں میں لڑکیوں کا سکول جلادیا گیا، مین گیٹ پر دھمکی آمیز تحریر درج
ضلع بنوں کے تحصیل میریان کے علاقہ ممباتی بارکزائی میں واقع گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول ممباتی بارکزائی کوٹکہ میر پاو جان کو رات کی تاریکی میں جلا دیا گیا۔ نامعلوم افراد نے سائنس روم میں پڑے سائنس لیب کے سارے سامان کو آگ لگا کر جلا دیا گیا جبکہ سکول سے شمسی پلانٹس اور ایک عدد پریشر پمپ مشین بھی اپنے ساتھ لے گئے۔
جبکہ سکول کے مین گیٹ پر نامعلوم افراد کی جانب سے مالک مکان سکول کو کہا گیا ہے کہ گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول ممباتی بارکزائی کوٹکہ میر پاو جان کو بند کردیا جائے جبکہ سکول کو کھولنے کی صورت میں اس سے بھی بھیانک نتائج کی دھمکی دی گئی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں افتحار خان ودیگر پولیس کے اعلی افسران نے سکول کا دورہ کیا اور سکول میں موجود جلائے گئے کلاس روم کا معائنہ کیا۔
سکول گیٹ پر دھمکی آمیز تحریر درج ہونے کی وجہ سے سکول طالبات میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔ پولیس نے سکول میں فنگر پرنٹ بھی لے لئے۔
ڈی پی او کا کہنا تھا کہ تحقیقات کی جارہی ہے اس کے بعد اس پر جلد بیان جاری کیا جائے گا۔ سابق ڈسٹرکٹ ناظم و مالک مکان سکول سلیم الرحمن کا کہنا تھا کہ نامعلوم افراد کی جانب سے 50 لاکھ روپے سے زائد سکول کا سامان جلایا گیا۔