وادی تیراہ میں عرصہ دراز سے بند کمیونٹی بیسڈ سکولز دوبارہ فعال
تحصیل باڑہ کے دور افتادہ وادی تیراہ میں غیر سرکاری تنظیموں کے تعاون سے فرنٹیئر کور تیراہ ملیشیا کے زیر نگرانی سینکڑوں طلباء کے لیے عرصہ دراز سے غیر فعال 6 کمیونٹی بیسڈ سکولز کو دوبارہ فعال کردیا گیا۔
افتتاحی پروگرام میں فورسز کے حکام، مقامی مشران اور غیر سرکاری تنظیموں کے اہلکاروں نے شرکت کی۔ وادی تیراہ اور اپر باڑہ میں دری ونڈی، سوخ، غلام علی، جڑوبے اور باغ حرم کے علاقوں میں ایف سی تیراہ ملیشیا ہیڈ کوارٹر 213 ونگ نے کئی سالوں سے غیر فعال 6 سکولز کو کھول کر ان کو 35 وائٹ بورڈز، 1150 سلیٹ، سیکنڑوں سیٹ کتابیں اور کاپیوں سمیت طلباء کو دیگر اشیاء فراہم کیا تاہم ان کے لئے ابتدائی طور پر مقامی متعلقہ قبیلے کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو بطورِ معلم لیا گیا ہے جبکہ طلباء کی تعداد بڑھنے کی صورت میں مزید مقامی اساتذہ کو لیا جائے گا۔
وادی تیراہ اور اپر باڑہ میں ان سکولز کی دوبارہ کھولنے پر عوام نے فورسز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تیراہ جیسے پسماندہ اور دور افتادہ علاقے میں بھی اب ہمارے بچے اور بچیاں بھی ملک کے تعلیم کی زیور سے آراستہ ہوں گے۔