قبائلی اضلاع کے طلباء کے لیے صباون سکولز اینشیٹو پروگرام شروع کرنے کی منظوری دے دی گئی
ذیشان کاکاخیل
خیبر پختونخوا کے محکمہ تعلیم نے قبائلی اضلاع کے بچوں کو سرکاری خرچ پر نجی سکولوں میں پڑھانے کا منصوبہ شروع کرنے کی منظوری دے دی۔ منصوبے سے جہاں خیبر پختونخوا کے سابق قبائلی علاقوں میں شرح خواندگی بڑھے گی تو وہی اس سے مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آسکیں گے۔
محکمہ تعلیم کی دستاویزات کے مطابق صوبے کی سابق قبائلی اضلاع میں صباون سکولز اینشیٹو پروگرام شروع کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ صباون سکولز اینشیٹو پروگرام کے تحت سکولوں سے باہر طلبہ کو نجی سکولوں میں سرکاری خرچ پر پڑھایا جائے گا۔ اس سلسلے میں کلاسز کی درجہ بندی کی گئی ہے اور کلاس کے مطابق طلباء کی فیس حکومت ادا کرینگی۔
کے جی طلبہ کا 1 ہزار، پہلی سے پانچوں جماعت کے طلبہ کا 1500 اور ہشتم سے ہفتم تک کے طلبہ کا ماہانہ 2 ہزار روپے کا فیس حکومت ادا کریگی۔ صباون سکولز اینشیٹو پروگرام ان علاقوں میں شروع ہوگا جہاں کوئی سرکاری سکول موجود نہ ہو یا ان علاقوں میں جہاں کوئی نجی سکول بھی موجود نا ہو وہاں یہ پروگرام شروع کیا جائے گا۔
ابتدائی طور پر پہلے مرحلے میں رواں سال 7 سابق قبائلی اضلاع اور 6 ڈویژن میں صباون سکولز اینشیٹو پروگرام کا آغاز کیا جائے گا جس کے تحت باجوڑ میں 4، مہمند اور خیبر میں 3،3 اورکزئی ،کرم، نارتھ وزیرستان میں 2،2 سکولوں میں صباون سکولز اینشیٹو پروگرام کے تحت طلبہ کو سرکاری خرچ پر نجی سکولوں میں داخل کرایا جائے گا یا ان طلبہ کے لئے نجی سکول کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
سکولوں میں طلبہ کا انتخاب کرنے کا اختیار ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کے زیر قیادت بننے والی کمیٹیوں کو ہوگا جنہیں باقاعدہ گائیڈ لائنز جاری کردی گئی ہے۔ وہ علاقے جہاں کوئی سرکاری یا نجی سکول نہ ہو تو وہاں کے مقامی تعلیم یافتہ نوجوان کو 1 لاکھ روپے تک گرانٹ دیا جائے گا تاکہ وہ سکول کھولے اور وہاں پر طلبہ کو سرکاری خرچ پر مفت تعلیم فراہم کریں۔
محکمہ تعلیم حکام کے مطابق اس اقدام سے صرف رواں سال 4 ہزار سے زیادہ طلبہ و طالبات کو مفت تعلیم کرنے کا موقع ملنے کے ساتھ 100 نوجوانوں کو روزگار بھی میسر آسکے گا۔ اس حوالے سے ایم ڈی قبائلی اضلاع ایجوکیشن فاونڈیشن عبدالکرم کا کہنا ہے کہ محکمہ تعلیم کا ویژن ہے کہ سابق قبائلی اضلاع کے طلبہ کو بھی تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کریں یہی وجہ ہے کہ وہاں صباون سکولز اینشیٹو پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق صرف رواں سال اس پروگرام پر 80 ملین روپے کی لاگت آئے گی اور اس سے شرح خواندگی میں کافی حد تک اضافہ ہو جائے گا۔