تعلیم

پشاور بورڈ نے انٹر میڈیٹ کے سالانہ نتائج کا اعلان کر دیا

 

آفتاب مہمند

پشاور کے تعلیمی بورڈ نے انٹر میڈیٹ کے سالانہ نتائج کا اعلان کر دیا۔ انٹر میڈیٹ امتحانات میں صوبہ بھر سے کل 58 ہزار 661 طلباء و طالبات نے حصہ لیا تھا جسمیں سے 53 ہزار 55 کامیاب قرار پائے۔

انٹر بورڈ کے نتائج کے مطابق پری میڈیکل میں جناح کالج فار وومن کی طالبہ کنیز خدیجہ خان نے 1064 نمبر لیکر بورڈ کو ٹاپ کیا۔ فارورڈ گرلز کالج حیات آباد کی طالبہ خدیجہ عظمت خان نے 1060 نمبر لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ اسلامیہ کالج پشاور کے طالب علم محمد حسنات خان 1057 نمبر لے تیسرے نمبر پر رہے۔

پری انجنئیرنگ میں اسلامیہ کالج پشاور کے طالب علم محمد امجد نے 1032 نمبر کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ہدف کالج کے معاذ بن عامر نے 1031 لیکر دوسری پوزیشن لی جبکہ پشاور ماڈل ڈگری کالج کی بینش گل نے 1028 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

کمپیوٹر سائنس میں ہدف کالج کے سید محمد اویس رضا نے 1003 نمبر لیکر بورڈ بھر میں پہلی، گلوبل کالج کے محمد اویس نے 1000 نمبر لیکر دوسری پوزیشن جبکہ گلوبل کالج کے آفاق احمد نے 998 نمبر لیکر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ہیومنیٹیز گروپ میں جناح کالج کی طالبہ انعم عارف نے 1011 نمبر لیکر پہلی، جناح کالج کی طالبات ابنا یعقوب اور طیبہ اکرام نے بالترتیب 989 نمبر لیکر دوسری جبکہ جناح کالج ہی کی طالبہ مناحل فاروق نے 987 نمبر لیکر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

انٹر امتحانات میں 31830 ریگولر طلباء میں سے 29120 طلباء پاس قرار پائے جبکہ 243 طلباء غیر حاضر بھی رہے تھے۔ ریگولر طلباء کے پاس ہونے کا نتیجہ 91.5فیصد رہا۔

اسی طرح 16602 ریگولر طالبات میں سے 15554 پاس قرار پائی ہیں جبکہ 59 طالبات نے امتحان میں حصہ نہ لیکر غیر حاضر رہی۔ ریگولر طالبات کے پاس ہونے کا نتیجہ 96 فیصد رہا۔

نتائج کے مطابق انٹر امتحانات میں 7510 طلباء نے بطور پرائیویٹ امیدواران داخلہ کرکے شرکت کی تھی جسمیں 5747 طلباء کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ 338 امتحان سے غیر حاضر رہے۔ مجموعی طور پر نتیجہ 76.5 فیصد رہا۔

اسی طرح 3119 طالبات نے بھی پرائیوٹ داخلہ لے کر امتحان دیا۔ ان میں 2634 کامیاب قرار پائی ہیں جبکہ 79 غیر حاضر بھی رہیں۔ انکی کامیابی کا نتیجہ 79 فیصد رہا۔

انٹر کے پارٹ فرسٹ امتحانات کے نتائج کے مطابق امتحانات میں مجموعی طور پر 60987 طلبا و طالبات نے حصہ لیا تھا جن میں 51028 طلباء و طالبات کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ 9098 طلبا و طالبات کو اگلے کلاس میں پروموشن دے دی گئی ہے۔ پارٹ فرسٹ میں 820 طلبا و طالبات امتحان سے غیر حاضر رہے تھے۔ پارٹ فرسٹ کا مجموعی نتیجہ 98.6 فیصد رہا۔

پارٹ فرسٹ کے امتحانات کیلئے ریگولر طلباء کی تعداد 35993 تھی جسمیں 388 غیر حاضر رہے اور 29764 کو کامیاب قرار دیا گیا ہے جبکہ 5827 کو پروموشن دی گئی ہے۔ ریگولر طلباء کے پاس ہونے کا نتیجہ 98.9 فیصد رہا۔

اسی طرح 18480 ریگولر طالبات نے حصہ لیکر 17298 کامیاب قرار پائی ہیں جبکہ 1052 طالبات کو پروموٹ کیا گیا ہے۔ ریگولر میں 120 طالبات امتحانات سے غیر حاضر رہیں۔ ریگولر طالبات کے پاس ہونے کا نتیجہ 99.3 فیصد رہا۔

پارٹ فرسٹ کے امتحانات میں بطور پرائیوٹ امیدواران داخلہ لینے والے کل 4568 طلباء میں سے 2579 طلباء کو کامیاب قرار دیکر 1761 کو پروموشن دی گئی ہے۔ 215 طلباء امتحانات سے غیر حاضر رہے۔
نتیجہ 95 فیصد رہا۔

اسی طرح پرائیوٹ داخلہ لینے والی 1946 طالبات میں سے 97 غیر حاضر رہیں جبکہ 1385 طالبات کو کامیاب قرار دیکر 458 کو پروموٹ کیا گیا ہے۔ نتیجہ 94.7 فیصد رہا۔

انٹر بورڈ پشاور کے نتائج میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء و طالبات کیلئے ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جسمیں نگران صوبائی وزیر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر قاسم جان مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر نگران صوبائی وزیر تعلیم نے پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات میں انعامات بھی تقسیم کئے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button