ایم ڈی کیٹ کے ٹیسٹ میں نقل: پشاور ہائی کورٹ نے نتائج روک دیئے
پشاور ہائی کورٹ نے ایم ڈی کیٹ کے ٹیسٹ میں بلیو ٹوتھ کے ذریعے نقل کے کیسز پر طلبا کی درخواست پر نتائج روکنے کا حکم دے دیا۔
ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں بلیو ٹوتھ کے ذریعے نقل کرنے کے خلاف دائر درخواستوں پر پشاور ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ پشاور ہائی کورٹ نے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے نتائج روک لیے اور چیف سیکریٹری، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایٹا اور رجسٹرار پی ایم ڈی سی سے جواب طلب کرلیا۔
عدالت نے کہا کہ آئندہ سماعت تک ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے نتائج آفیشل ویب سائٹ پر اَپ لوڈ نہ کیے جائیں۔ بعدازاں عدالت نے سماعت 21 ستمبر تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے نتائج روکنے کے لیے طلباء نے درخواست دائر کی تھی۔
ادھر میڈیکل کالجز کیلئے انٹری ٹسٹ میں بے قاعدگی کے خلاف والدین سڑکوں پر نکل آئے اور صوبائی اسمبلی کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ والدین کا موقف تھا کہ سب کو پتہ ٹسٹ کیلئے 35 سے 40 لاکھ رشوت لی گئی قومی ادارے بلو ٹوتھ استعمال کرنے اور بچوں کو فروخت کرنے والوں کو سامنے لانے میں ناکام ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ عدالت میں انصاف ملنے سمیت ہر فورم پر جائیں گے بلو ٹوتھ کاروبار میں ملوث افراد کو سامنے لایا جائے اور شفاف طریقے سے ٹسٹ دوبارہ لیا جائے۔
یاد رہے کہ خیبر پختونخو میں 46 ہزار سے زائد طلباء نے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ دیا تھا جن میں 200 سے زائد طلباء بلیو ٹوٹھ اور دیگر جاسوسی الات کے ذریعے نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے تھے جن کے خلاف ایم آئی آرز بھی درج کئے گئے ہیں۔