تعلیم

خیبرپختونخوا کے سرکاری سکولوں کے اساتذہ کا مطالبات کے حق میں احتجاج

 

عبدالستار
خیبرپختونخوا کے سرکاری سکولوں کے اساتذہ نے ٹیچرالائنس کی کال پرصوبہ بھر کے پریس کلبوں کے سامنے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرے کئے۔ اس سلسلے میں مردان پریس کلب کے سامنے بھی گورنمنٹ ٹیچرالائنس کے زیراہتمام شمسی روڈ پر پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا۔

احتجاجی اساتذہ نے سکولوں سے نکل کر روڈ کو ہر قسم ٹریفک کے لئے بند کیا۔ مظاہرے کی قیادت گورنمنٹ ٹیچرالائنس کے صوبائی جنرل سکریٹری نیاز علی خٹک نے کی جبکہ مظاہرے میں تنظیم کے ضلعی چیئرمین حافظ انعام الرحمان ،ملگری استاذان کے عثمان، پرنسپل ایسوسی ایشن کے رہنماحافظ زبیر اکرام باچا اور دیگر اساتذہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اساتذہ نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر ان کے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی بھی کی۔ اس موقع پر گورنمنٹ ٹیچرالائنس کے صوبائی جنرل سیکرٹری نیاز علی خٹک نے کہا کہ پچھلی صوبائی حکومت نے کابینہ میں اساتذہ کی اپگریڈیشن کی منظوری دی تھی لیکن ابھی تک اس پر عمل درآمد نہیں ہوا اور نہ اس کی نوٹیفیکیشن جاری کی گئی۔

نگران صوبائی حکومت کو جلد از جلد اساتذہ کی اپگریڈیشن کی نوٹیفکیشن جاری کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پینشن اصطلاحات کے نام ظالمانہ اقدام کو ختم کیاجائے اور ایڈہاک اساتذہ کو ریگولر کیاجائے۔

جی ٹی اے کے صوبائی جنرل سیکرٹری نیازعلی خٹک نے کہا کہ محکمہ تعلیم اساتذہ کی مرضی کے خلاف جبری پروموشن دے رہے ہیں اور اس فیصلے کو واپس لیا جائے۔ انہوں نے نگران صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرکاری سکولوں کے اساتذہ کو درپیش مسائل کو جلد از جلد حل کیاجائے بصورت دیگر بیس ستمبر سے ہر منگل کے روز اساتذہ سکولوں میں کلاسوں سے بائیکاٹ کی تحریک شروع کریں گے اور اگر پھر بھی حکومت نے اساتذہ کے مطالبات منظور نہیں کئے تو تین اکتوبر کو پشاور میں پریس کانفرنس کے زریعے پورے صوبے میں سرکاری سکولز بند کرنے کا اعلان کیا جائے گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button