باجوڑ میں پہلی منی سٹریٹ لائبریری کا قیام
محمد بلال یاسر
باجوڑ میں غیر سرکاری تنظیم سوشل فیشن فاونڈیشن ( ایس پی ایف ) نے مقامی باشندوں بالخصوص نوجوانوں میں کتاب پڑھنے کو فروغ دینے کے لیے منی اسٹریٹ لائبریری قائم کردی۔
باجوڑ سپورٹس کمپلیکس میں اس طرح کی پہلی لائبریری کا افتتاح ایک خصوصی تقریب کے دوران کیا گیا، جہاں سماجی کارکنوں، نوجوانوں اور کھلاڑیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
فیاض احمد کا تعلق قبائلی ضلع باجوڑ سے ہے وہ اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد میں سوشیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے طالب علم ہے۔ انہوں نے چند ماہ قبل جون میں سوشل فیشن فاونڈیشن ( ایس پی ایف ) کی بنیاد رکھی۔ منی سٹریٹ لائبریری کے قیام کے حوالے سے ٹی این این کو بتایا کہ یہ اقدام لوگوں میں خاص طور پر نوجوانوں میں کتاب پڑھنے کی عادت پیدا کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ باجوڑ سپورٹس کمپلیکس ضلع بھر میں کھیلوں کی سب سے بڑی جگہ ہے یہاں لائبریری کا قیام آنے والے نوجوانوں کو کتاب کی جانب راغب کریں گی۔ انہوں نے شکایت کی کہ سوشل میڈیا کے غیر ضروری استعمال نے نوجوانوں کو کتابوں سے دور کر دیا ہے۔
فیاض احمد نے بتایا کہ ابتدائی طور پر ان لائبریریوں میں متعدد موضوعات پر کتابیں ہوں گی لیکن ان کی تعداد میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی تنظیم پورے ملک میں 5 ہزار جبکہ قبائلی علاقوں میں 5 سو منی سٹریٹ لائبریریاں قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ہم بس اسٹیشنوں، بازاروں، سیاحتی مقامات اور دیگر عوامی مقامات پر منی اسٹریٹ لائبریریاں قائم کریں گے۔
باجوڑ میں کتب بینی کے لیے کوشاں د رنڑا ملگری نامی تنظیم کے روح رواں عبدالواجد نے ٹی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ لائبریری چوبیس گھنٹے کھلی رہے گی، جبکہ ہر آنے والا ایک ہفتے کے لیے ایک کتاب گھر لے جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس لائبریری کا کوئی چوکیدار نہیں ہے لہذا جو بھی یہاں آکر کتاب پڑھنا چاہیے یہ لائبریری کھولیں ، کتاب مطالعہ کریں اور پھر اسے بند ضرور کریں۔
ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر تاج محمد وزیر نے اعلان کیا کہ باجوڑ سپورٹس کمپلیکس میں قائم کی جانے والے اس لائبریری میں آنے والے تمام مہمانوں کو میری طرف سے چائے پیش کی جائے گی۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ کتاب پڑھنے کے مقصد کو آگے بڑھانے کے لیے این جی او کا ساتھ دیں۔
سوشل فیشن فاونڈیشن ( ایس پی ایف ) کے منتظمین نے ٹی این این کو بتایا کہ باجوڑ میں چند سیاحتی اور کھیلوں کے مقامات جن میں باریکاؤ تحصیل سلارزئی اور بادیسیا برخلوزو ماموند میں بھی عنقریب سٹریٹ منی لائبریریز کا قیام عمل میں لایا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ وہ بہت جلد اپنے ڈونر کے تعاون سے ان مقامات پر اس طرح کی لائبریریاں کھول دیں گے جس سے نوجوانوں کا کتب بینی کی جانب رجحان بڑھے گا۔