باڑہ میں سالوں سے تنازعہ کا شکار قدیم تعلیمی درسگارہ کھول دی گئی
ضلع خیبر کے تحصیل باڑہ میں قائم قدیم تعلیمی درسگاہ گورنمنٹ ہائی سکول عالم گودر کے اراضی پر 6 سال سے فریقوں کے درمیان جاری تنازعہ ختم کرنے کے بعد سکول کی تعمیر کا افتتاح کیا گیا۔
1913 میں قائم ہونے والے گورنمنٹ ہائی سکول عالم گودر کا انفراسٹرکچر شدت پسندی کے باعث مکمل طور پر تباہ ہوگیا تھا جبکہ بڑی تعداد میں طلباء خیموں میں زیر تعلیم تھے جس کی وجہ سے طلباء اور اساتذہ سخت گرمی اور سردی میں مشکلات سے دوچار تھے۔
افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس عبدالحسیب، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ایمل خان، سب ڈویژن آفیسر سی اینڈ ڈبلیو عابد، ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر شاہد علی، پرنسپل رفاقت اللہ، چیئرمین اختیار بادشاہ، جاوید اور جماعت اسلامی باڑہ کے امیر خان ولی سمیت کثیر تعداد میں طلباء اور علاقائی عمائدین نے شرکت کی۔
سکول پرنسپل کے مطابق سکول تعمیر زمینی تنازعہ میں باڑہ سپاہ کے چیئرمینز، سماجی کارکنان اور سیاسی لوگوں سمیت بالخصوص باڑہ پریس کلب کے صحافیوں کے مسلسل رپورٹنگ کی وجہ سے حکومت نے سکول کی تعمیر نو کا افتتاح کیا۔
انہوں نے کہا کہ فنڈز کی دستیابی کی بنیاد پر دسمبر تک سکول بلڈنگ کے تعمیر کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ساتھ نو سو طلباء خیموں اور فیبریکیٹڈ کمروں میں زیر تعلیم ہیں تاہم بلڈنگ تعمیر کے بعد یہ مسئلہ ختم ہو جائے گا۔