تعلیم

وسطی کرم: ”مناتو کی نوجوان نسل گھر بیٹھنے یا عرب امارات جانے پر ہے”

وسطی کرم قوم خوئیداد خیل علاقہ مناتو کے عمائدین کے گرینڈ جرگہ نے مطالبہ کیا ہے کہ گورنمنٹ ہائی سکول مناتو کو ہائیر سکینڈری سکول کا درجہ دیا جائے اور علاقے میں موجود سکولوں کی حالت بہتر بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

مناتو میں قبائلی عمائیدین کے گرینڈ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے ملک نیک احمد، محمد شریف، نواب گل، نوید خان، نبی جان، کیبت خان اور قاری غنی الرحمان کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ ہائی سکول مناتو ذیمشت اور علی شیرزئی قبائل کا واحد سکول ہے جس میں سات سو سے زائد بچے زیرتعلیم ہیں، سینکڑوں بچے میٹرک کے بعد یا تو حصول تعلیم کا سلسلہ ترک کر کے گھر بیٹھ جاتے ہیں یا محنت مزدوری کے لیے عرب امارات جانے پر مجبور ہوتے ہیں کیونکہ غریب طبقے کے لوگ صدہ اور دوردراز علاقوں کے سکول کالجز میں جانے سے قاصر ہیں۔

عمائدین نے وفاقی وزیر ساجد طوری پارلیمینٹرینز کور کمانڈر، سیکرٹری ایجوکشن اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ کوٹکی، مرغان شمخی، خرشو، درہ بیزادی، جابو، لیل گاڈہ، بلی خیل، اوٹ کلے، ظریف خان کلے، گواکی، سرخوی درہ، چنارک، کنڈالی بابا، درانی، منڈان، کامران کلے، ورستہ میلہ، زوکی میلہ اور دیگر درجنوں دیگر دیہات کے طلبہ کے مستقبل کا خیال رکھتے ہوئے ان کے لئے اپنے علاقوں میں تعلیم کا بندوبست کیا جائے۔

عمائدین نے فرنٹیئر کور کے کرنل انعام اللہ خان، کمانڈر 73 بریگیڈ شہزاد عظیم، اور ڈی سی کرم واصل خاں خٹک سے بھی مطالبہ کیا کہ یہاں کے تعلیمی مسائل کے فوری حل کے لئے اقدامات اٹھائیں تاکہ یہاں کی جوان نسل بے راہ روی سے بچ کر اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکے اور مستقبل کے بہترین شہری بن کر ملک و قوم کی خدمت کر سکے۔

عمائدین نے اسی علاقے سے تعلق رکھنے والے محکمہ ایجوکشن کے آفیسر عمر اورکزئی سے بھی اس معاملے میں دلچسپی لینے کی اپیل کی ہے۔

یاد رہے کہ رواں کی پہلی تاریخ کو بھی وسطی کرم علاقہ مناتو کے قبائلی عمائدین پر مشتمل ایک جرگہ نے مطالبہ کیا تھا کہ علاقے میں بی ایچ یو اور سکول کی حالت بہتر اور سڑکوں کی تعمیر یقینی بنائی جائے اور بنجر زمینوں کو سیراب کرنے کے لئے شمسی ٹیوب ویلوں کی بھی منظوری دی جائے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button