تعلیم

”آج مطالبات نہیں مانے تو عمران خان کی رہائش گاہ کے اندر جا کر مارچ کریں گے”

نبی جان اورکزئی

ایک ایسے وقت میں جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزر اعظم پاکستان عمران خان نے مسلسل بڑھتی ہوئی مہنگائی کے ایشو کو لے کر آج شب ن لیگ کی مخلوط حکومت کے خلاف احتجاج کی کال دی ہے وہاں بنی گالہ میں خیبر پختونخوا کے ایڈہاک ٹیچرز عمران خان کی صوبائی حکومت کے خلاف سر تا پا احتجاج ہیں۔

خیال رہے کہ چار روز قبل، 15 جون کو، تیمرگرہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ایڈہاک ینگ ٹیچرز ایسوسی ایشن نے  ینگ ٹیچرز کو مستقل کرنے میں تاخیری حربوں کے خلاف 19 جون کو بنی گالہ میں احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کیا تھا۔

آج بنی گالہ میں خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے ایڈ ہاک ملازمین نے سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کے باہر احتجاج کیا، ینگ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے معطل ہونے والے صدر عطا الرحمان بھی ایڈ ہاک ملازمین کا ساتھ دینے مظاہرے میں پہنچ گئے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ آج مطالبات نہیں مانے تو عمران خان کی رہائش گاہ کے اندر جا کر مارچ کریں گے، مظاہرین نے عمران خان کی رہائش گاہ جانے کی بھی تیاری مکمل کر لی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہمیں بقایاجات اور انکریمنٹ کی ادائیگی یقینی بنائی جائے، جب تک ہمارے مطالبات منظور نہیں ہوں گے ہم یہاں سے نہیں جائیں گے، جب صوبے میں مستقل نوکریاں موجود ہیں تو انہیں ایڈ ہاک پر بھرتی کیوں کیا جا رہا ہے، حکومت ہمیں مستقل نوکری دے، سال 2018 سے 2022 تک ایڈ ہاک پر بھرتی ہونے والے ملازمین کو مستقل کیا جائے اور سی پی فنڈ کو ختم کیا جائے۔

احتجاج کے دوران انصاف سٹوڈنس فیڈریشن ( آئی ایس ایف ) کے رہنما بھی ڈنڈے اٹھا کر احتجاج میں آ گئے، تاہم ایڈہاک ملازمین کا کہنا تھا کہ ہم یہاں کسی سیاسی مقصد یا کسی سے لڑنے نہیں آئے ہیں، ہمارا دھرنا پرامن ہے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور آئی ایف ایف کے رہنماؤں کو روکا، کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے بنی گالہ کے اطراف بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔

واضح رہے کہ ایسوسی ایشن کا یہ دعوی ہے کہ صوبہ خیبر پختون خوا میں تقریباً 58 ہزار ایڈہاک اساتذہ اے ٹی، ٹی ٹی، پی ایس ٹی، ایس ایس ٹی، ڈی ایم، قاری وغیرہ کی پوسٹوں پر ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں، حکومت نے ایڈہاک ملازمین کو مستقل کرنے کا اعلان کیا لیکن چیف سیکرٹری نے اس پر چار اعتراضات لگا کر اسے واپس ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ بھیج دیا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button