تعلیم

ایڈہاک ینگ ٹیچرز کا 19 جون کو بنی گالہ میں دھرنا دینے کا اعلان

لوئر دیر: ایڈہاک ینگ ٹیچرز کو مستقل کرنے میں تاخیری حربوں کے خلاف لوئر دیر کے ایڈہاک ینگ ٹیچرز سر تا پا احتجاج بن گئے، صوبہ بھر کے ایڈہاک ینگ ٹیچرز نے 19 جون کو بنی گالہ میں احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کر دیا۔

اس حولے سے ایڈہاک ینگ ٹیچرز ایسوسی ایشن لوئر دیر کے زیر اہتمام اساتذہ نے تیمرگرہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں کثیر تعداد میں ایڈہاک ینگ ٹیچرز نے شرکت کی، مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔

احتجاجی مظاہرہ سے ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر عطاء الرحمان، ضلعی صدر لوئر دیر فضل حمید، ضلعی جنرل سیکرٹری طفیل احمد، صوبائی فنانس سیکرٹری محمد سلیم ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ خیبر پختون خوا میں تقریباً 58 ہزار ایڈہاک اساتذہ اے ٹی، ٹی ٹی، پی ایس ٹی، ایس ایس ٹی، ڈی ایم، قاری وغیرہ کی پوسٹوں پر ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں، حکومت نے ایڈہاک ملازمین کو مستقل کرنے کا اعلان کیا ہے لیکن چیف سیکرٹری نے اس پر چار اعتراضات لگا کر اسے واپس ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ بھیج دیا جس کی وجہ سے ایڈہاک ٹیچرز میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

مقررین نے سی پی فنڈز پالیسی اور ایڈہاک ملازمین کو تاریخ تقرری کے بجائے تاریخ ریگولرائزیشن سے مستقل کروانے، اور اساتذہ کو یکمشت مستقلی کے بجائے مرحلہ وار مستقلی اور ایس ایس ٹی اساتذہ کو ریگولرائزیشن بل سے نکالنے کو ناانصافی قرار دے کر اسے مستر کردیا اور مطالبہ کیا کہ ایڈہاک ینگ ٹیچرز کو تاریخ تقرری سے مستقل کیا جائے بصورت دیگر صوبہ بھر کے ایڈہاک ٹیچرز 19 جون کو بنی گالہ میں دھرنا دیں گے جو مطالبات منظور ہونے تک جاری رہے گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button