تعلیم

خیبر پختونخوا حکومت کا ”ٹیبلٹ اِن اے سکول” منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ

خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے کے تمام سکولوں میں ”ٹیبلٹ اِن اے سکول”منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، منصوبے کے تحت صوبے کے تمام اضلاع کے سکولوں کو ٹیبلٹ دیئے جائیں گے۔

شہرام خان ترکئی نے منصوبے کے حوالے سے کہا کہ ہر سکول میں ٹیبلٹ کی دستیابی سے اساتذہ و طلباء کی حاضری، سکولوں میں دی جانے والی سہولیات کی معلومات، سکولوں میں اساتذہ کی موجودہ اور خالی آسامیوں کی تفصیل، سکول نتائج اور ای ٹرانسفر بشمول دیگر تمام معلومات بذریعہ سافٹ ویئر روزانہ کی بنیاد پر مین سرور میں بھیج دی جائیں گی جن کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسز، ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اور سیکرٹریٹ لیول پر مانیٹرنگ اور فیصلہ سازی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور ٹیکنالوجی کا ہے اور اس منصوبے کو سمارٹ سکول منصوبے کے ساتھ لنک کر دیا جائے گا جس میں سکولوں کے تمام تر نظام کو ڈیجیٹلائز کرنے جا رہے ہیں۔

وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے پر جلد از جلد عمل درآمد کے لئے لائحہ عمل اگلے اجلاس میں پیش کریں۔ انہوں نے سافٹ ویئر اور دیگر تکنیکی امور کی بہتر انجام دہی کیلئے خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سے معاونت حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی، یہ فیصلہ صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی کی زیر صدارت جائزہ اجلاس میں ہوا۔ اسپیشل سیکرٹری ایجوکیشن شہباز طاہر ندیم، ایڈیشنل سیکرٹری ریفارمز اشفاق احمد، منیجنگ ڈائریکٹر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن ظریف المعانی، ڈائریکٹر ڈی ڈی پی ڈاکٹر طارق، ڈائریکٹر ڈی سی ٹی ای گوہر خان اور محکمہ تعلیم کے دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

وزیر تعلیم نے ایجوکیشن حکام کو ایک ہفتے کے اندر ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی ڈیجیٹلائزیشن کی بھی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ اور ضلعی دفاتر کے تمام نظام کو فوراً پیپرلِس (کاغذ کے بغیر) کر لیں تاکہ کام وقت پر ہو اور میرٹ و شفافیت بھی یقینی بنائی جا سکے۔ شہرام خان ترکئی نے ضم اضلاع میں فوراً فرنیچر کی فراہمی کے لیے ایڈیشنل سیکرٹری ریفارمز اشفاق احمد کو پروپوزل کی تیاری کی ہدایت دی تاکہ صوبے کے دیگر اضلاع کی طرح وہاں بھی فرنیچر کی کمی ہنگامی بنیادوں پر پوری کر دی جائے۔

وزیر تعلیم نے ایجوکیشن حکام کو ہدایت دی کہ ایک ہفتے کے اندر اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کے منٹس جاری کریں اور اگلے اجلاس میں ان پر عمل درآمد پر بریفنگ دیں۔ شہرام خان ترکئی کو سیکنڈ شفٹ سکولز پروگرامز، ای ٹرانسفر، رانگ پوسٹنگ، اسکول لیڈرز پروگرام اور رحمت اللعالمین سکالرشپس پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیر تعلیم نے سیکنڈ شفٹ سکولز پروگرام فیز 2 جلد از جلد شروع کرنے اور اگلے ہفتے ای ٹرانسفر کے ذریعے ٹرانسفر آرڈر جاری کرنے کی ہدایت کی جبکہ اسکول لیڈرز اور رحمت اللعالمین منصوبے کی پروپوزل کی منظوری کے لئے 10 دنوں کی ڈیڈ لائن دیں۔

شہرام خان ترکئی نے ایڈیشنل ڈائریکٹر ایجوکیشن اقبال خان کو ایک ہفتے کے اندر مختلف کیڈرز کے اساتذہ کی پروموشن کیسز کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جن جن ملازمین کی پروموشن باقی ہے ان کو فوری ترقی دیں۔ صوبائی وزیر نے منیجنگ ڈائریکٹر ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن ظریف المعانی کو ادارے پر تفصیلی بریفنگ اگلے ہفتے پیش کرنے کی ہدایت کی جس میں ادارے کے مختلف پروگراموں اور پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button