بنوں: سی ٹی ڈی اور پولیس کا انٹیلیجنس آپریشن، تین دہشتگرد ہلاک

احسان اللہ خٹک
سی ٹی ڈی بنوں ریجن اور بنوں پولیس کی مشترکہ انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی میں فتنہ الخوارج ضرار گروپ سے تعلق رکھنے والے تین دہشتگرد مارے گئے۔
ریجنل پولیس آفیسر بنوں سجاد خان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سلیم عباس کلاچی کی قیادت میں رات گئے بنوں ریجن میں حساس اطلاع پر کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث تین انتہائی مطلوب دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔
ہلاک دہشتگردوں میں مدثر عرف مدثری، تراب عرف عمر خطاب عرف ملنگ، اور محمد حسین عرف معاذ شامل ہیں، جو بنوں کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھتے تھے۔ یہ ملزمان پولیس اہلکاروں کامران، نصرت، سکندر، اور اے ایس آئی اصغر کی ٹارگٹ کلنگ سمیت بنوں کینٹ، سٹی پولیس اسٹیشن اور میرا خیل حملوں میں براہ راست ملوث تھے۔
آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے ایک کلاشنکوف بمع تین میگزین، ایک پستول، اور دیسی ساختہ آئی ای ڈی برآمد کی گئی۔