طورخم بارڈر: غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش ناکام، چار مسافر اور دو ایجنٹ گرفتار

طورخم بارڈر پر ایف آئی اے اور امیگریشن حکام نے غیر قانونی طریقے سے افغانستان کے راستے یورپ جانے کی کوشش کرنے والے چار پاکستانی مسافروں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد میں پشاور، باجوڑ، مردان، اور ننکانہ صاحب کے رہائشی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ افراد افغانستان کے راستے یورپ جانے کا ارادہ رکھتے تھے اور امیگریشن عملے کو دھوکہ دینے کے لیے ان کے دو پاسپورٹس سے تاجکستان کے ویزے ہٹا دیئے گئے تھے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار مسافروں نے اپنے سہولت کار ایجنٹوں کے نام بھی بتائے۔
کارروائی کے نتیجے میں دو ایجنٹوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ ایجنٹوں کے قبضے سے پاکستانی کرنسی 1,54,000 روپے (بطور جزوی ادائیگی) اور 30,000 روپے الگ سے برآمد کئے گئے۔ دونوں ایجنٹوں سے موبائل فونز اور دیگر شواہد بھی برآمد کئے گئے جن میں غیر قانونی امیگریشن سے متعلق پیغامات اور ڈیٹا شامل ہے۔
تمام مسافروں کو سفر سے روک دیا گیا ہے اور گرفتار شدگان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سیل (AHTC) کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق مزید تحقیقات جاری ہیں اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث دیگر افراد کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔