بنوں: بکاخیل میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہری قتل

احسان اللہ خٹک
بنوں کے دورافتادہ علاقے بکاخیل میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہری امت اللہ خان جانبحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کے بھائی کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، واقعے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم سوشل میڈیا پر زیر گردش اطلاعات میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ مقتول سے مبینہ شدت پسندوں نے کھانے کا مطالبہ کیا تھا، جس پر تکرار کے بعد فائرنگ کی گئی۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بکاخیل، جانی خیل اور ملحقہ علاقوں میں شدت پسندوں کے ایک مبینہ گروہ کی موجودگی کی اطلاعات ہیں، جو مقامی لوگوں سے زبردستی کھانے اور دیگر اشیائے ضروریہ لیتے ہیں، اور انکار کی صورت میں تشدد کرتے ہیں اور دھمکیاں دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ جنوبی اضلاع میں طویل عرصے سے بدامنی اور خوف کی فضا قائم ہے۔ حالیہ دنوں میں اینٹی نارکوٹکس فورس کے ایک افسر کو بھی نامعلوم افراد نے اغوا کیا، جب کہ اس سے قبل محکمہ زراعت، آئل اینڈ گیس، اٹامک انرجی اور ایک اسکول کے استاد کو بھی اغوا کیا جا چکا ہے۔