کرک: اپنے ہی خاندان کے چار افراد کو زخمی کرنے والا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

کرک کے علاقے دمگری سراج خیل میں پولیس مقابلے کے دوران اپنے ہی خاندان کے چار افراد کو فائرنگ سے زخمی کرنے والا ملزم صفی اللہ ہلاک ہو گیا۔
ڈی پی او کرک شہباز الٰہی کے مطابق، صفی اللہ نے گزشتہ رات آئس کے نشے میں اپنے سسر، بیوی، سالہ اور سالی پر اندھا دھند فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں چاروں افراد زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد ملزم ایک قریبی گھر میں جا چھپا اور پولیس کو دیکھ کر اسے مورچے میں تبدیل کر دیا۔
پولیس کے مطابق، صفی اللہ نے گرفتاری سے بچنے کے لیے شدید فائرنگ کی، جس کے جواب میں پولیس نے بھی فائرنگ کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں صفی اللہ مارا گیا۔ ڈی پی او کے مطابق، ملزم صفی اللہ پہلے بھی جرائم میں ملوث رہا ہے اور 2021 میں اپنی بہن کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔ بعد ازاں اہل خانہ کی جانب سے صلح کے بعد عدالت سے رہائی حاصل کر چکا تھا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق، زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال تختی نصرتی منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں کی شناخت محمد صدیق (65 سال)، محب اللہ (20 سال)، صائمہ (21 سال) اور نصرت (25 سال) کے ناموں سے ہوئی ہے، اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔