جرائمعوام کی آواز

چارسدہ: ایک اور خواجہ سراء قتل، نامعلوم ملزم فرار

مقتول کی شناخت فضل واحد عرف گُرگُرہ کے نام سے ہوئی، جو تحصیل تنگی کے گاؤں اجارہ سے تعلق رکھتے تھے۔

رفاقت اللہ رزڑوال

خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ میں ایک اور خواجہ سراء کو قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق، بدھ کی رات تقریباً 11 بجے نامعلوم ملزم نے فائرنگ کر کے خواجہ سراء گُرگُرہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

آیف آئی آر کے مطابق، مقتول کی شناخت فضل واحد عرف گُرگُرہ کے نام سے ہوئی، جو تحصیل تنگی کے گاؤں اجارہ سے تعلق رکھتے تھے۔ رپورٹ کے مطابق، مقتول کو کمر میں گولی ماری گئی جبکہ گلے میں دوپٹے کا پھندا ڈال کر اس کا دم گھونٹا گیا۔

یہ واقعہ تنگی روڈ پر فیصل پلازہ میں پیش آیا، جہاں پولیس نے نامعلوم ملزم کے خلاف دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

مقتول کے بھائی منصف نے ٹی این این کو بتایا کہ انہیں رات 3 بجے چارسدہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال سے اطلاع ملی کہ ان کے بھائی کی لاش اسپتال کے مردہ خانے میں موجود ہے۔ منصف کا کہنا تھا کہ "جب میں ہسپتال پہنچا تو دیکھا کہ میرے بھائی کو گولی مار کر قتل کیا گیا تھا، جبکہ اس کے گلے میں پھندا بھی تھا۔ پوسٹ مارٹم کے بعد ہم نے لاش اپنے گاؤں منتقل کر دی اور آج جمعرات دن کے دو بجے دفن کیا۔”

انہوں نے مزید بتایا کہ مقتول کی عمر 23 سال تھی اور وہ گزشتہ 7 سالوں سے چارسدہ میں مقیم تھے۔

واقعے کے بعد پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپے مارے، تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق، جائے وقوعہ سے ایک موبائل فون برآمد ہوا ہے جس کے ذریعے ملزم تک پہنچنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

واقعے کے بعد چارسدہ میں مقیم خواجہ سراء شدید خوف کا شکار ہیں۔ خواجہ سراؤں کی تنظیم ٹرانس ایکشن الائنس کے مطابق، خیبرپختونخوا میں گزشتہ 9 سالوں میں 145 سے زائد خواجہ سرا قتل کئے جا چکے ہیں، مگر قاتلوں کو سزا نہ ملنے کے باعث یہ واقعات رکنے کا نام نہیں لے رہے۔

چارسدہ میں خواجہ سراؤں کی صدر مسکان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی آنکھوں سے مقتول کی لاش زمین پر پڑی دیکھی، جس کے بعد انہوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ مسکان کے مطابق”یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے، لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ ہمارے تحفظ کے لئے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کئے جا رہے۔ ہم خوف کے سائے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔”

خواجہ سراؤں کے قتل کے پچھلے واقعات

یہ پہلا موقع نہیں جب خیبرپختونخوا میں کسی خواجہ سرا کو بے دردی سے قتل کیا گیا ہو۔ 2021 میں مردان روڈ پر واقع ایک پلازے میں فیصل نامی شخص نے خواجہ سراء گلالئی کو قتل کیا تھا، جس پر اسے سزائے موت سنائی گئی۔
مئی 2024 میں گل پانڑہ نامی خواجہ سرا کو ملزم تیمور نے فائرنگ کرکے زخمی کر دیا تھا۔

کیا قاتل گرفتار ہوگا؟

یہ سوال ابھی بھی جواب طلب ہے کہ آیا پولیس قاتل تک پہنچ پائے گی یا نہیں۔ تھانہ سٹی کے ایس ایچ او سے جب اس معاملے پر موقف لینے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ملنے والے موبائل فون سے تفتیش میں مدد مل رہی ہے، تاہم خواجہ سراء برادری کا مطالبہ ہے کہ صرف تحقیقات نہیں، بلکہ عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید معصوم جانیں ضائع نہ ہوں۔

Show More

Rifaqat ullah Razarwal

رفاقت اللہ رزڑوال چارسدہ کے رہائشی اور ٹرائبل نیوز نیٹ ورک کے ساتھ بطور رپورٹر منسلک ہیں۔ وہ انسانی حقوق، ماحولیات اور دہشت گردی جیسے موضوعات پر ویب سائٹ اور ریڈیو کیلئے رپورٹنگ کرتے ہیں۔ 2014 سے عملی صحافت میں خدمات سرانجام دینے والے رفاقت اللہ رزڑوال نے 2018 میں پشاور یونیورسٹی سے جرنلزم میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے۔

متعلقہ پوسٹس

Back to top button