جرائم

لکی مروت: اٹامک انرجی پراجیکٹ کے 16 ملازمین اغواء

تاحال کسی جانب سے اس کی ذمہ داری قبول کی گئی نا ہی پولیس یا سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کوئی سرچ آپریشن شروع کیا جا سکا۔ ذرائع

لکی مروت: اٹامک انرجی مائن پراجیکٹ قبول خیل کے 16 ملازمین کو اغواء کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق نامعلوم ملزمان نے ہائی ایس گاڑی میں سوار یورینیم اور پلوٹونیم مائن جانے والے 16 اہلکاروں کو بزور اسلحہ گاڑی سے اتارا اور پھر گاڑی کو بھی آگ لگا دی۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ تاحال کسی جانب سے اس کی ذمہ داری قبول کی گئی نا ہی پولیس یا سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کوئی سرچ آپریشن شروع کیا جا سکا۔

یہ بھی پڑھیں: سامان رسد اور اشیائے خوردونوش سے لدی گاڑیوں کا پہلا کانوائے پاراچنار پہنچ گیا

یاد رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا نے بنوں ڈویژن میں سرکاری اہلکاروں اور افسران و دیگر ملازمین کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کی تھی۔

اس سلسلے میں جاری ہدایت نامے میں کہا گیا تھا کہ دہشت گردی کی سرگرمیوں میں حالیہ اضافے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر قاتلانہ حملوں اور اہلکاروں کے اغوا کی وجہ سے خطرے کی مجموعی سطح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے اہلکاروں، بشمول چھٹی پر جانے والے، اغوا اور شہید کیے جانے کے کئی واقعات رپورٹ ہوئے۔ یہ واقعات ٹانک، ڈی آئی خان، لکی مروت اور بنوں کے علاقوں میں مسلسل دیکھے جا رہے ہیں لہٰذا اہلکاران دورانِ سفر احتیاط سے کام لیں۔

بعدازاں اگست کے آخر میں بنوں کے علاقے بکاخیل سے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے تین ملازمین کو گاڑی سمیت اغواء کر لیا گیا تھا، جبکہ نومبر میں بنوں ہی سے سات پولیس اہلکاروں کو اغوا کر لیا گیا تھا جنہیں چند ہی دن بعد مشران کی کوششوں سے بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button