لکی مروت: دو مختلف واقعات میں ایک دوشیزہ، ایک یتیم لڑکا قتل
مقتولہ کے والد عبدالرؤف کے مطابق جمعہ کو ان کی بیٹی کی منگنی تھی جبکہ بیٹا کفایت اللہ اپنی بہن کے رشتے پر راضی نہیں تھا۔
لکی مروت میں دو مختلف واقعات میں ایک دوشیزہ، اور ایک یتیم لڑکے کو قتل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق پہلا واقعہ گاؤں زنگی خیل میں پیش آیا جہاں بہن کے رشتے پر ناراض بھائی نے اندھادھند فائرنگ کر کے اپنی 17 سالہ بہن کو قتل کر دیا۔
لکی مروت کے تھانہ سٹی کی حدود میں واقع گاؤں زنگی خیل میں بھائی کفایت اللہ نے فائرنگ کر کے اپنی جواں سالہ بہن کو قتل کر دیا۔ ملزم کے خلاف والد عبدالرؤف کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مقتولہ کے والد عبدالرؤف کے مطابق جمعہ کو ان کی بیٹی کی منگنی کی تقریب تھی جبکہ بیٹا کفایت اللہ اپنی بہن کے رشتے پر راضی نہیں تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کرم: معاہدے پر مشران کے دستخط؛ دونوں فریق بھاری ہتھیار حکومت کو دینے پر آمادہ
تقریب شروع ہونے سے کچھ لمحے پہلے ملزم نے کلاشنکوف سے اپنی بہن پر فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی۔
ایف آئی آر میں مقتولہ کے والد نے موقف اختیار کیا کہ کفایت اللہ بہن کے رشتے پر خوش نہیں تھا؛ پولیس نے مقدمے کے اندارج کے بعد ملزم کی تلاش شروع کر دی۔
دوستی سے انکار پر 16 سالہ یتیم بچہ قتل
دوسرا واقعہ تھانہ شہباز خیل کی حدود میں پیش آیا جہاں 16 سالہ یتیم لڑکے کو دوستی سے انکار پر قتل کر دیا گیا۔
مقتول نعمان کے سوتیلے باپ نے پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ مقتول نعمان کا والد فوت ہو چکا ہے جس کے بعد اس کی والدہ کے ساتھ اس نے نکاح کیا ہے۔ وقوعہ کے وقت وہ گھر میں موجود تھا جبکہ نعمان اراضیات گیا ہوا تھا۔ کسی نے اسے اطلاع دی که نعمان کی لاش گاؤں کی جنازہ گاہ بدنی خیل کے قریب پڑی ہے۔ موقع پر جا کر دیکھا تو نعمان مردہ حالت میں پڑا تھا۔ معلوم ہوا کہ نعمان کو ملزمان ثمرائے اور ثمین سکنہ بدنی خیل نے ایک نامعلوم ملزم کے ساتھ مل کرقتل کیا ہے۔
مقتول کے سوتیلے باپ نے پولیس کو بتایا کہ ملزم ثمین مقتول نعمان سے زور زبردستی دوستی کرنا چاہتا تھا؛ نعمان انکاری تھا جس کی وجہ سے یہ وقوعہ رونما ہوا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔