ڈیرہ: بس پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک خاتون مسافر جاں بحق، چار زخمی
درابن روڈ، سگو کے مقام پر ڈاکوؤں نے بس کو روکنے کی کوشش کی اور نہ رکنے پر فائرنگ کر دی۔ عینی شاہدین
ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن روڈ پر رات گئے کوئٹہ سے اسلام آباد جانے والی مسافر بس پر مسلح ڈاکوؤں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں بس میں سوار ایک خاتون جاں بحق جبکہ چار مسافر زخمی ہو گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق سگو کے مقام پر ڈاکوؤں نے بس کو روکنے کی کوشش کی اور نہ رکنے پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کی آواز سن کر بڑی تعداد میں مسافر بسیں و دیگر گاڑیاں مین روڈ پر پھنس کر رہ گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 50 سے زائد مسلح افراد علاقے میں موجود تھے جنہوں نے بسوں کو روکا اور خوف و ہراس پھیلایا۔
یہ بھی پڑھیں: تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بنوں کے ملازمین کا دھرنا
مسافروں کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد روڈ پر ٹریفک مکمل طور پر جام، جبکہ لوگ کئی گھنٹوں تک غیرمحفوظ حالات میں پھنسے رہے۔ علاقے میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی غیرموجودگی پر مسافروں نے شدید احتجاج کیا۔
پولیس حکام نے اطلاع ملنے پر علاقے میں آپریشن شروع کر دیا، اور صورتحال پر قابو پانے کے لیے اضافی نفری طلب کر لی گئی۔