جرائمعوام کی آواز

ضلع خیبر باڑہ، روڈ ایکسیڈینٹس میں اضافہ: عالم گودر میں تین ہلاکتیں، مقامی رہائشیوں کا حکومتی کاروائی کا مطالبہ

ضلع خیبر باڑہ کے علاقے عالم گودر میں گزشتہ روز سڑک حادثے میں تین افراد کی ہلاکت اور پانچ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پبلک ٹرانسپورٹ کی ایک گاڑی بے قابو ہو گئی اور سڑک کنارے کھڑی ہوئی دیگر گاڑیوں سے ٹکرا گئی۔

مقامی ذرائع نے بتایا کہ باڑہ میں اکثر پبلک ٹرانسپورٹ کے ڈرائیورز کے پاس ڈرائیونگ لائسنس نہیں ہوتے، اور بہت سے ڈرائیورز کم عمر لڑکے ہیں جو چنگچی اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کو چلاتے ہیں۔ اس کی وجہ سے سڑکوں پر حادثات کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، اور قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع معمول بن چکا ہے۔

علاقہ مکینوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ باڑہ تا ڈوگرہ عالم گودر روڈ پر حادثات کے تسلسل نے مقامی لوگوں کی زندگی کو مشکل بنا دیا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر چھوٹے اور بڑے حادثات کی خبریں موصول ہو رہی ہیں، لیکن متعلقہ حکومتی ادارے اس مسئلے پر کوئی مؤثر کارروائی نہیں کر رہے۔

علاقائی رہائشیوں نے کہا کہ باڑہ کے دیگر علاقوں جیسے اکاخیل، برقمبر خیل، ملک دین خیل اور شلوبر کے ساتھ ساتھ وادی تیراہ میں بھی اکثر پبلک ٹرانسپورٹ کے ڈرائیور کم عمر ہوتے ہیں یا ان کے پاس قانونی لائسنس نہیں ہوتا۔ اس باعث حادثات کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔

مقامی لوگوں نے ٹریفک حکام، محکمہ ٹرانسپورٹ اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ عالم گودر روڈ اور دیگر متاثرہ علاقوں میں پبلک ٹرانسپورٹ کی چیکنگ کی جائے اور غیر قانونی طور پر گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button