پشاور، بھتہ خوروں کا نیا حربہ، شہریوں کو تابوت بھیجنا شروع
حسام الدین
پشاور میں جرائم پیشہ افراد نے شہریوں سے بھتہ وصول کرنے اور ڈرانے کے لئے ایک نیا طریقہ اپنا لیا ہے۔ بھتہ خور دھمکی آمیز خطوط اور کالز کے بعد اب تابوت بھیجنے لگے ہیں۔ ملزمان نے رقم کی وصولی کے لیے ایک ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک کے گھر تابوت بھیج دیے، جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے تابوت لے جانے والے رکشوں کو تحویل میں لے لیا ہے۔
پولیس نے واقعے کی ایف آئی آر نامعلوم افراد کے خلاف درج کر دی ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق، ملزمان بھتے کے لئے ایک کروڑ روپے کا مطالبہ کر رہے ہیں اور مدعی کو گزشتہ ایک ماہ سے مسلسل دھمکی آمیز کالیں موصول ہو رہی تھیں۔ مدعی نے بتایا کہ چند روز قبل اس کے دفتر پر فائرنگ بھی کی گئی تھی، جس کا مقدمہ پہلے ہی درج ہے۔
مدعی کے مطابق، ملزمان خود کو سرکاری ادارے کا آفیسر ظاہر کرتے ہیں اور اسے اور اس کے خاندان کو جانی نقصان کا اندیشہ ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور مزید کارروائی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔