پشاور میں مختلف فائرنگ کے واقعات میں 16 افراد جاں بحق، 7 زخمی
سلمان یوسفزئی
پشاور میں گزشتہ روز چند گھنٹوں کے دوران مختلف واقعات میں 16 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوئے ہیں۔
پشاور پولیس کے مطابق ان واقعات میں ایک افسوسناک واقعہ مضافاتی علاقہ بڈھ بیر میں اس وقت پیش آیا جب چچا زاد بھائیوں نے جائیداد کے تنازعہ اور رقم کے لین دین میں گھر کے اندر فائرنگ کرکے پانچ بچوں اور چار خواتین کو قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ کا مقدمہ گزشتہ رات جاں بحق ہونے والے خاتون کے بیٹے کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں پولیس کو بتایا گیا ہے کہ مسلح افراد نے گھر میں گھس کر بچوں اور خواتین پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ ایف آئی آر میں سات ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے جن پر قتل، اقدام قتل سمیت دیگر دفعات درج کئے گئے ہیں۔ جاں بحق افراد کی نمازہ جنازہ ادا کرکے انہیں سپرد خاک کیا گیا ہے۔
وزیراعلی خیبر پختونخوا کا نوٹس
وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے بڈھ بیر میں ایک ہی خاندان کے نو افراد کے قتل کے نوٹس لیا۔ وزیراعلی کی جانب سے پولیس کو قتل میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کے لئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیراعلی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سی ایم علی امین گنڈا پور نے واقعے میں کمسن بچوں سمیت خواتین کے قتل پر دلی رنج و غم اور افسوس اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت اور اظہار ہمدردی کی۔ انہوں نے کہا کہ بچوں اور خواتین کو نشانہ بنانا قابل مذمت اور ظالمانہ اقدام ہے، قتل کے اس اندوہناک واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔
ادھر بڈھ بیر ہی میں زمینی تنازعہ پر فریقین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔
پشتخرہ میں گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ
پولیس کے مطابق علاقہ پشتخرہ میں مبینہ سابقہ دشمنی پر ایک فریق نے گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔
پشاور کے نواحی علاقے شیخ محمدی میں بھی فریقین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں پولیس کے مطابق کھیتوں کو پانی دینے کے تنازعہ پر فائرنگ سے ایک شخص موقع پر جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوا۔
ریگی للمہ میں جوہڑ سے تین بچوں کی نعشیں برآمد
تھانہ ناصر باغ کی حدود ریگی للمہ میں برساتی نالے کے جوہڑ سے تین گمشدہ بچوں کی نعشیں برآمد ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ورثاء نے تین بچوں کی گمشدگی کی رپورٹ تھانہ ناصر باغ میں درج کی تھی۔ لواحقین کے مطابق بچے کھیل کھود کے لئے گھر سے نکلے تھے اور اگلی صبح انہیں نعشیں جوہڑ سے ملی۔
اسی طرح علاقہ سفید ڈھیری میں فریقین کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں تین افراد زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق تمام واقعات کے مقدمات درج کئے گئے ہیں اور تفتیش کا عمل شروع کیا گیا ہے۔