پشاور،چار افراد کے قتل میں ملوث ملزم پولیس مقابلے میں مارا گیا
تہکال پولیس کے ایس ایچ او نور محمد خان کے مطابق گزشتہ شب انہیں اطلاع ملی کہ ظہور تہکال کے علاقے گلے بابا قبرستان میں موجود ہے پولیس نے اس کی گرفتاری کی کوشش کی تو اس نے پولیس پر فائرنگ کی پولیس نے جوابی فائرنگ کرکے اسے مار دیا گیا اوراس کے قبضے سے کلاشنکوف اور ایک پستول برآمد کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ظہور نے 11 جون کو اپنی مطلقہ بیوی کے گھر میں گھس کر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں اس کی سابقہ بیوی کا ایک بھائی دو بھابیاں اور ایک 13 سالہ بھتیجا جاں بحق اور بھائی اور بھتیجی زخمی ہوئی تھیں جبکہ ملزم واقعہ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔
پولیس کا کہناہے کہ ملزم ظہور آئس کا نشہ کرتا تھا اور اس نے دو شادیاں کر رکھی تھی اور بعد میں دونوں کو طلاق دی تھی۔
پولیس کے مطابق ملزم نے جس گھر میں چار افراد کو قتل کیا تھا وہ اس کی پہلی سابقہ بیوی کا گھر تھا، ظہور نے اس واردات سے ایک روز قبل اپنی دوسری مطلقہ بیوی کے ساتھ جھگڑا کیا تھا جس پر پولیس نے اسے گرفتار بھی کیا تھا اور دوسری واردات کے روز ہی جیل سے نکلا تھا۔
پولیس کے مطابق انہوں نے ملزم کے خلاف چار افراد کے قتل اور دو کے زخمی کرانے کے مقدمات درج کرکے تلاش شروع کی تھی۔