چارسدہ پولیس کی غفلت سے قیدی فرار، پولیس اہلکاروں پر مقدمات درج
رفاقت اللہ رزڑوال
چارسدہ پولیس کی حراست سے سنگین مقدمات میں گرفتار ملزم مزدہ سے چھلانگ لگا کر بھاگنے میں کامیاب ہوگئے تھے جبکہ پولیس اہلکاروں کو کئی گھنٹوں تک خبر تک نہ ہوئی۔ ڈسٹرکٹ پولیس افسر نے سات پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کو حوالات میں بند کر دیا۔
ذرائع کے مطابق بدھ کے روز چارسدہ پولیس کے زیرنگرانی مردان جیل میں مقیم ملزمان کو مزدہ وین کے ذریعے عدالتی پیشی کیلئے لایا جا رہا تھا جبکہ واپسی پر راستے میں ملزم ولی محمد نے گاڑی سے چھلانگ لگا کر فرار کا راستہ اختیار کر لیا۔
چارسدہ پولیس کے مطابق ملزم ولی محمد ولد فضل محمد سکنہ انکار کلے رجڑ پولیس نے سنگین واردات میں گرفتار کر لیا تھا جن میں قتل، اقدام، دکیتی اور راہزنی کے جرائم شامل ہیں۔
چارسدہ پولیس کے ترجمان صفی جان کے مطابق واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او چارسدہ مسعود بنگش نے قیدی وین کی نگرانی کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف دفعہ 223 (حراست سے فراری)، 224 (جس کی حراست سے ملزم فرار ہو جائے) اور 118 پولیس ایکٹ 2017 (غفلت) کے تحت ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا۔
درج کردہ ایف آئی آر میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر سبحان اللہ، داؤد 225، انعام 143، عامر 215، اعظم 1499، نیاز محمد 746، عنایت الرحمان 2292 جبکہ پہلے سے گرفتار ملزم ولی محمد کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
چارسدہ پولیس نے اپنی جاری کردہ ایف آئی آر میں قیدی وین سے فرار ہونے کا ذکر کیا ہے مگر اطلاعات کے مطابق قیدیوں کو مزدہ وین کے ذریعے مردان جیل منتقل کیا جا رہا تھا۔ قیدی وین کے چاروں اطراف بڑی بڑی سلاخوں کا غلاف ہوتا ہے جبکہ مزدہ وین عام گاڑیوں کی طرح سیٹوں پر مشمتل بس ہوتی ہے جس کے سامنے والا حصہ مکمل طور پر کُھلا ہوتا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق مقدمے کے بعد ساتوں پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کر دیا ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کی غفلت کے خلاف ایس پی انوسٹی گیشن چارسدہ احسان شاہ کی سربراہی میں ڈی ایس پی سٹی عبدالرشید خان اور ڈی ایس پی ٹریفک نور الامین خان پر مشتمل انکوائری کمیٹی تشکیل دے کر فوری طور پر انکوائری کا حکم بھی جاری کیا ہے۔
جس میں یہ واضح کیا جائے کہ ملزم کیسے فرار ہوا؟ اگر متعلقہ پولیس ملزمان کے خلاف غفلت یا ملی بھگت ثابت ہوئی تو اس کے سنگین نتائج بھگتنے ہونگے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ فرار ملزم ولی محمد کی گرفتاری کیلئے پولیس ٹیم بھی تشکیل دیکر جلد گرفتاری کی احکامات جاری کردیے گئے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی تھانہ سٹی کے حوالات اور چارسدہ سب جیل سے سنگین مقدمات میں مطلوب ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔