تحریک انصاف کے رہنما علی زمان ایڈووکیٹ نامعلوم افراد کے حملے میں زخمی
تحریک انصاف کے رہنما علی زمان ایڈووکیٹ کو گزشتہ شب پشاور میں عید گاہ کالونی کے قریب نا معلوم افراد نےتشدد کا نشانہ بنایا اور ان کو زخمی حالت میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق علی زمان کو تیز دار آلہ سے زخمی کیا گیا تھا تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
اس موقع پر سی سی پی او سید اشفاق انور نے پولیس افسران اور تفتیشی ٹیم کو کرائم سین سے ملنے والے شواہد کی روشنی میں باریک بینی کیساتھ ہر پہلوؤں پر جامع تفتیش کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ سردار علی امین گنڈہ پور نے صوبائی وزراء قاسم علی شاہ،ظاہر شاہ اور مینا خان کے ہمراہ علی زمان کی عیادت کی اور حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ وزیراعلی نے پولیس کو فوری ملوث ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی زمان کے حملے کی شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہوئے صوبائی وزیر پختون یار نے کہا کہ ان جیسے کارکنان پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہے۔ ایسے بزدلانہ حملے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔
تاحال اس حادثے کی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی مگر حملے کی ایف آئی آر کے لئے تھانا فقیر آباد کو مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ علی زمان ایڈووکیٹ نے پی کے 73 سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا۔