جرائم

پشاور میں جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا

 

پشاور میں پولیس موبائل پر حملے کے نتیجے میں دو اہلکار جاں بحق ہوگئے، حملے میں ایک اے ایس آئی شدید زخمی ہوگیا۔ پشاور میں ڈاگ لار کے علاقے میں مچنی گیٹ پولیس موبائل پردہشت گردوں نے اچانک حملہ کردیا۔

ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، پولیس کی اضافی نفری طلب کرلی گئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق اس جان لیوا حملے میں موبائل انچارج اے ایس آئی مظہر زخمی ہے، جنہیں مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ دہشت گردحملے میں جاں بحق ہونے والے دونوں اہلکاروں کی نمازجنازہ اداکردی گئی۔ جاں بحق کانسٹیبلان اجمل خان اور سراج خان کی نماز جنازہ پولیس لائن میں سرکاری اعزاز کیساتھ ادا کردی گئی۔

نمازجنازہ میں پولیس افسران کے علاوہ شہداء کے لواحقین نے بھی شرکت کی۔ پولیس افسران نے کے تابوت پر پھول چڑھائے اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

دوسری جانب وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے دو پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق اہلکاروں کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔

وزیر اعلی نے انسپکٹر جنرل پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے جاں بحق اہلکاروں کے لواحقین کو شہداء پیکج کے تحت معاوضے دینے کی ہدایت بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت شہداء کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے پولیس نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ پولیس شہداء کی قربانیوں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button