جرائم

لکی مروت، 11 افراد کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم گرفتار

 

غلام اکبر مروت

لکی مروت پولیس نے سانحہ تختی خیل کے مرکزی ملزم صدر خان کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم کو گنڈی چوک پر پنجاب فرار ہونے کی کوشش میں گرفتار کیا گیا۔

ڈی پی او لکی مروت طارق حبیب نے ایس پی انوسٹی گیشن مراد علی وزیر، تفتیشی افسر غلام محمد خان اور ایس ایچ او عبد الصمد قریشی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم کے ساتھ 3 اور سہولت کار بھی قتل میں شریک تھے جن کی گرفتاری کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

واردات 4 اور 5 جنوری کی درمیانی شب کو ہوئی تھی۔ جبکہ پولیس کو 10 جنوری کی صبح اطلاع ملی۔ ڈی پی او لکی مروت طارق حبیب نے مزید بتایا کہ مقتولین کو نشہ آور چاول کھلا کر مدہوشی کی حالت میں تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا۔ واردات میں 4 افراد ملوث تھے جس میں سے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ باقی 3 سہولت کاروں کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

پولیس نے سانحہ تختی خیل کے مرکزی ملزم کو میڈیا کے سامنے بھی پیش کیا۔ ملزم نے میڈیا کے سامنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے۔ ملزم کا کہنا ہے کہ مقتول خاندان کی لڑکی صدر خان کے گھر میں اس کے بیٹے سے بیاہی گئی تھی اور میکے آکر ناراض بیٹھی تھی جس کی وجہ سے ملزم نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔

واضح رہے کہ 10 جنوری کو تختی خیل کے علاقے میں گھر سے 1 ہی خاندان کے 11 افراد کی لاشیں ملی تھیں۔ جنہیں نشہ آور کھانا کھلانے کے بعد تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا تھا۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button