جرائم

ڈی آئی خان میں چیک پوسٹ پر حملہ، دو پولیس اہلکار زخمی

 

ڈی آئی خان مغل کوٹ کے علاقے دومند چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق زخمی پولیس اہلکاروں کی شناخت عالم اور احسان کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق تقریبا ڈیڑھ گھنٹہ پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ پولیس کی جوابی فائرنگ کے بعد دہشت گرد فرار ہوگئے۔

یاد رہے گزشتہ روز ٹانک میں تھانہ گومل کی حدود میں پولیس او سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا تھا۔ آپریشن کے دوران ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد ساتھی سمیت ہلاک ہوا تھا۔

پولیس کے مطابق دہشت گرد کے سر پر 25 لاکھ کا انعام تھا۔ دہشت گرد بھتہ خوری،ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔ ایک روز قبل بنوں میں بھی رات گئے تھانہ منڈان پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس اور دہشتگردوں کے مابین شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا تاہم پولیس کی جوابی کارروائی سے دہشتگرد فرار ہوگئے۔ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

واضح رہے کچھ روز قبل ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں 23 جوان جاں بحق ہوگئے تھے، جوابی کارروائی میں 6 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button