باڑہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو سکیورٹی اہلکار جاں بحق
ضلع خیبر میں نامعلوم افراد نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں دو اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق اپر باڑہ سپاہ غیبی نیکہ ایریا میں نامعلوم افراد نے فرنٹیئر کور ایف سی پر فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں گل خان نیک اور نور محمد جاں بحق ہوگئے۔
جاں بحق اہلکاروں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ فائرنگ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردی ہے۔
یاد رہے گزشتہ شب ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس نے چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنادیا، اہلکاروں کی بروقت جوابی فائرنگ سے دہشتگرد فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دہشتگردوں نے رات 9 بجے کے قریب چونڈا پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا، جس پر فوری ردعمل دیتے ہوئے پولیس اہلکاروں نے بھی جوابی فائرنگ شروع کردی جس کے بعد دہشتگرد فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کی فائرنگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، دہشتگردوں کی تلاش کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔