بنوں میں پولیو ڈیوٹی پر تعینات ایک اور پولیس اہلکار نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی
سلمان خان
بنوں میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیو مہم کی سکیورٹی پر تعینات ایک اور پولیس اہلکار کو زخمی کردیا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ہیڈ کانسٹیبل محمد اشرف خان پر فائرنگ کی، فائرنگ کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس اہلکار بدھ کے روز منڈان روڈ پر پولیو ڈیوٹی کیلئے جا رہا تھا کہ اچانک نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ڈیوٹی پر معمور پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگیا۔ نامعلوم مسلح افراد فرار ہوگئے۔ پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ ذرائع کے مطابق پولیس اہلکار اشرف خان کو خلیفہ گل نواز ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ان کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جن کو مزید علاج معالجہ کے لیے پشاور بھی ریفر کیا جاسکتا ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز بھی بنوں میں پولیو ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکار کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے زخمی کردیا تھا۔ پولیس کے مطابق علاقہ سورانی طورکہ بازار بی ایچ یو زروام میں پولیس اہلکار پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ڈیوٹی پر معمور پولیس اہلکار عبدالحمید زخمی ہوگیا تھا۔
بنوں میں گزشتہ دس دنوں سے نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے پولیس چوکی اور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے چار واقعات رونما ہوچکے ہیں۔ پہلے واقعے میں تھانہ پسینہ تنگی چوکی پر نامعلوم شرپسندوں نے چھوٹے بڑے ہتھیاروں سے حملہ کیا تھا جس سے تھانے کو جزوی نقصان پہنچا تھا جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔ دوسرے واقعے میں تھانہ منڈان کے قریب ابابیل اسکواڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ۔ فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جبکہ دوسرا پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگیا تھا۔ اس کے بعد پولیو مہم کے دوران علاقہ سورانی طورکہ بازار کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے پولیس اہلکار پر فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ڈیوٹی کے لیے جانے والا پولیس اہلکار عبدالحمید زخمی ہوگیا تھا اور آج ایک اور اہلکار کو زخمی کردیا گیا۔