جرائم

نوشہرہ میں غیر قانونی طور پر سونا نکالنے والے 13 افراد گرفتار

 

آفتاب مہمند

محکمہ معدنیات خیبر پختونخوا نے نوشہرہ میں غیر قانونی طور پر سونا نکالنے والے افراد کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے 13 افراد کو گرفتار کر لیا۔ گرفتاریاں دریائے سندھ سے غیر قانونی طور پر سونا نکالنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے کی گئی ہے۔

محکمہ معدنیات کے حکام کے مطابق چھاپہ مارٹیم کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری معدنیات خیبر پختونخوا مسرت زمان نے کی۔ چھاپے کے دوران گولڈ مائننگ میں مصروف 13 افراد کو گرفتار کرکے بھاری مشینری بھی قبضے میں لیکر ناکارہ کر دی گئی ہے۔

رابطہ کرنے پر نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے سنئیر صحافی مشتاق پراچہ نے ٹی این این کو بتایا کہ چترال سے لیکر نوشہرہ کے خوشحال گڑھ تک ایکسیویٹر مشینوں کے ذریعے دریاوں سے سونا نکالا جاتا ہے۔ سردیوں میں چونکہ دریاوں میں پانی کی سطح گر جاتی ہے اور گلیشئیرز بھی پگل جاتے ہیں اسی طرح ریت اوپر آنا شروع ہو جاتا ہے لہذا ان دنوں سونے کی تلاش آسان ہوتی ہے۔ یہ کوئی آج کی بات نہیں کئی سالوں سے غیر قانونی طور یہ سلسلہ جاری ہے۔ انکی نظر میں آج تک صرف دریائے کابل سے اربوں روپے کا سونا نکالا جا چکا ہے۔ اسمیں بڑے بڑے مافیاز شامل ہیں جو ایکسیویٹر مشینیں خرید کر یا تو سونے نکالنے کیلئے کرایہ پر دیتے ہیں اور یا مقامی لوگوں کو مزدوری دیکر سونا تلاش کرتے ہیں۔

مشتاق پراچہ کہتے ہیں کہ یہ سونا چترال و دیگر پہاڑی سلسلوں میں گلیشئرز پھگلنے کی وجہ سے بہہ کر بعدازاں دریائے کابل اور دریائے سندھ کے پانی میں بہہ جاتا ہے۔ ایک ایکسیویٹر کے ذریعے تین سے چار کلو تک کا سونا نکالا جاتا ہے۔ سونا نکالنے والے مزدروں کیساتھ اپنے ایکسپرٹس بھی ہوتے ہیں جو باآسانی سونا پہچانتے ہیں۔ اس غیر قانونی کام میں مقامی بااثر کئی لوگ بھی شامل ہیں۔ سردیوں کے سیزن میں ہزاروں ایکسیویٹر کو دریاوں میں کھدائی کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ دن ہو یا رات مافیاز کھلم کھلا دریاوں میں سونے کی تلاش میں رہتے ہیں۔

مشتاق پراچہ کے مطابق اس جیسی کھدائی میں ملوث لوگوں کیلئے سزائیں بہت کم ہوتی ہیں۔ اگر یہ لوگ گرفتار بھی ہوتے ہیں تو انکو سزا کی فکر نہیں رہتی ہیں۔ ساتھ ساتھ ان کھدائیوں کے باعث رائیورز بلٹ کو بھی شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ گزشتہ روز ایک بڑی کاروائی ضرور ہوئی ہے لیکن انہوں نے پہلے بھی اسی طرح کی کاروائیاں دیکھی ہیں جو ناکافی ہے۔ مکمل روک تھام کیلئے قانون سازی کرکے سخت سزائیں متعین کرنا ہوگی اور اسی طرح سکیورٹی اداروں سمیت تمام اداروں کو بھرپور متحرک ہونا ہوگا۔

رابطہ کرنے پر ضلعی انتظامیہ نوشہرہ نے ٹی این این کو بتایا کہ غیر قانونی سونا نکالنے کا مذموم اقدام روکنے کیلئے لائحہ عمل مرتب کر لیا گیا ہے۔ گزشتہ روز گرفتار 13 افراد کے خلاف چار مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ سونا مائننگ کی روک تھام کیلئے ضلعی انتظامیہ، پولیس سمیت دیگر اداروں پر مشتمل ایک کمیٹی بنادی گئی ہے۔ اسی طرح دریائے سندھ سمیت دیگر سپارٹس پر معدنیات کے اہلکاروں پولیس اور ایف سی جوانوں کی ڈیوٹیاں لگائی جائیں گی۔ مختلف مقامات پر چیک پوسٹیں قائم کر کے غیر قانونی سونا نکالنے کا تدارک کیا جائے گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button