جرائم

کرم: چارخیل میں چلتی گاڑی پر فائرنگ، 2 بھائیوں سمیت 4 افراد جاں بحق

ضلع کرم کے علاقے چارخیل میں پولیس سکیورٹی میں جانے والے مسافر گاڑیوں پر مسلح افراد کے حملے میں پاراچنار سے تعلق رکھنے والے دو بھائیوں سمیت 4 مسافر جاں بحق جبکہ پانچ زخمی ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق پولیس کے زیر نگرانی مسافر گاڑیاں ضلع ٹل سے پاراچنار کی طرف جارہی تھی کہ لوئر کرم چار خیل میں مسلح افراد کی اندھا دھند فائرنگ سے متعدد گاڑیاں فائرنگ کی زد میں آ گئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں سے تین کی شناخت ابرار حسین، مظفر حسین اور سید ضامن حسین کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ چوتھے شخص کی شناخت تاحال نہ ہوسکی۔

پولیس کے مطابق زخمیوں کو ٹل سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا جبکہ پولیس کی جوابی کارروائی کے بعد حملہ آوار فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

سابق وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہا ہے کہ گزشتہ تین روز کے دوران مختلف واقعات میں طوری قبیلے کے سات افراد جاں بحق جبکہ 13 زخمی ہوگئے ہیں، اس قسم کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی ضرورت ہے۔

طوری بنگش قبائل کے رہنما عنایت طوری اور تحریک حسینی کے صدر علامہ تجمل حسین نے مسلسل کئی روز سے طوری قبائل کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کی مذمت کی اور متعلقہ حکام سے حملہ آوروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

دوسری جانب بنگش قبائل کے رہنما حاجی سلیم خان نے ضلع کرم میں رونما ہونے والے واقعات کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ فلسطین میں ہونے والے مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button