جرائم

غزہ میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 5 ہزار تک پہنچ گئی، دو اسرائیلی رہا

غزہ میں داخل ہونے میں ناکامی پر اسرائیلی فوج کی جانب سے داغے جانے والے 320 میزائلوں سے 182 بچوں سمیت 436 فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسرائیلی وزیر دفاع نے غزہ پر ایک ساتھ زمینی، فضائی اور سمندری حملہ کرنے کی دھمکی دی ہے۔ دوسری جانب حماس نے مزید دو اسرائیلی یرغمالیوں کو رہائی دے دی۔

گزشتہ رات غزہ میں داخل ہونے میں ناکامی پر اسرائیلی فوج نے 320 میزائل داغ دیے۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق حملے میں 182 بچوں سمیت 436 فلسطینی شہید ہوگئے۔

سات اکتوبر سے اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 5087 ہوچکی ہے جن میں 2055 بچے بھی شامل ہیں۔

اسرائیل نے شام کے اوقات میں بھی خان یونس کے رہائشی علاقے پر حملے کیے، جن میں مزید اموات کا خدشہ ہے۔ اس وقت غزہ میں 12 اسپتال اور 32 میڈیکل سینٹرز غیرفعال ہوچکے ہیں۔

اسرائیلی وزیردفاع نے دھمکی دی ہے کہ اب غزہ پر ایک ساتھ زمینی، فضائی اور سمندری حملہ کیا جائے گا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق حماس کی جانب سے رہا کی جانے والی دونوں معمرخواتین رفاہ کراسنگ سے اسرائیل منتقل کردی گئیں۔ خواتین کی عمریں تقریباً اسی برس ہیں۔

دونوں اسرائیلی خواتین اب تل ابیب کے ایک اسپتال میں ہیں اور اپنے اہل خانہ کے ساتھ ملاقات کرچکی ہیں۔

اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ دونوں خواتین کے شوہر غزہ میں بدستور اسیر ہیں۔ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم اس سے پہلے امریکی خاتون اوراس کی بیٹی کو بھی رہا کرچکی ہے۔

ادھر مغربی کنارے پر بھی اسرائیل کے حملے جاری ہیں، تازہ حملوں میں مزید 2 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ لبنان کی سرحد پر میزائل حملے میں امریکی اسرائیلی فوجی مارا گیا۔

غزہ میں امدادی سامان کا تیسرا قافلہ پہنچ چکا ہے، 34 ٹرکوں میں اشیائے خوردونوش اور ادویات لدی ہیں۔ فلسطینی اتھارٹی کے وزیرخارجہ نے اپنے بیان میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ جو ادارہ غزہ میں قتل عام روکنے میں ناکام ہوگیا، اس کی کوئی اہمیت نہیں رہتی۔

خان یونس میں اقوام متحدہ کی عہدیدار روایہ حلس نے اپنے بیان میں کہا کہ غزہ کی صورتحال لفظوں میں بیان کرنا ممکن نہیں،پندرہ ہزار فلسطینی پناہ گزینوں کو دینے کے لیے کچھ بھی نہیں بچا، انسولین سمیت مختلف ادویات کی ضرورت ہے، اقوام عالم براہِ مہربانی غزہ کو بچائے۔

اسرائیلی جارحیت کے خلاف دنیا کے مختلف ممالک میں احتجاج کیا جارہا ہے۔ سویڈن میں ہزاروں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی۔

پیرس میں پابندی کے باوجود فلسطین سے اظہاریکجہتی کے لیے مظاہرہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے اسرائیل کی جانب سے مظالم کو روکنے کی اپیل کی گئی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button