بنوں میں نامعلوم افراد کا نادرا آفس پر حملہ، چوکیدار قتل
بنوں کی تحصیل بکاخیل میں نامعلوم افراد نے نادرا آفس کے چوکیدار کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق تحصیل بکاخیل میں نادرا تحصیل افس پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا۔ نامعلوم افراد نے سنائپر کے ذریعے نادراہ آفس کے چوکیدار کامران کو نشانہ بنا کر قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق کامران نامی چوکیدار رات کے وقت اپنی ڈیوٹی پر موجود تھا۔ مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ بکاخیل نادرا آفس کو کئی بار بارودی مواد سے اڑانے کی بھی کوشیش کی گئی ہے۔
یاد رہے تحصیل بکاخیل میں امن و امان کی صورت ابتر ہے۔ آج سے چار روز قبل قبائلی مشر و سابق ڈسٹرکٹ کونسل کے ممبر ملک شوال خان وزیر کو بھی گل زمان مسجد کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔
کچھ روز قبل تحصیل بکاخیل میں سیکورٹی فورسز کی کانوائی پر بھی مروت کنال کے مقام پر خودکش حملہ کیا گیا تاہم حملے کے نتیجے میں سیکورٹی فورسز کے گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا اور کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ تحصیل بکاخیل کے علاقے جانی خیل میں سکیورٹی فورسز پر خودکش حملہ ہوا تھا جس میں 9 سکیورٹی اہلکار جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے تھے۔
اس سے قبل جانی خیل میں نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف آپریشن بھی کیا گیا تھا جس میں 6 دہشت گردوں کو مارا گیا تھا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک خاتون بھی جان بحق ہوئی تھی۔