شلوبر پولیس کے دو اہلکار جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے
خیبر باڑہ کے علاقہ شلوبر میں پولیس اہلکاروں کی مبینہ بھتہ خوری کے معاملے میں سی ٹی ڈی نے تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی۔
سی ٹی ڈی اعلامیے کے مطابق تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی سی ٹی ڈی پشاور ریجن کے ایس پی سی ٹی ڈی کریں گے، ڈی ایس پی سی ٹی ڈی، خفیہ اداروں کے اہلکار، ایس ایچ او تھانہ باڑہ تحقیقاتی ٹیم کا حصہ ہوں گے، جے آئی ٹی واقعے کی مکمل تحقیقات کرے گی اور اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
دوسری جانب بھتہ خوری میں گرفتار دونوں پولیس اہلکاروں کو عدالت میں پیش کردیا گیا۔ اے ٹی سی جج محمد عادل خان نے دونوں اہلکاروں کو تفتیش کے لیے پانچ روزہ جسمانی پر سی ٹی ڈی پشاور کے حوالے کردیا۔
تفتیشی افسر کے مطابق پولیس اہلکار عبد القدیر اور حیات پر بھتہ طلب کرنے کا الزام ہے، دونوں نے باڑہ میں ایک بلدیاتی نمائندے کے گھر پر دستی بم پھینکا تھا، دستی بم سے دونوں اہلکار خود بھی زخمی ہوئے تھے۔